کراچی (آئی این پی ) کراچی میں رمضان آتے ہی لوٹ مار کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا اور سال کے ابتدائی چار مہینوں کا جائزہ لیا جائے تو بعض وارداتوں میں تقریبا 100 فیصد اضافہ ہوا۔ رواں برس کے ابتدائی 4 ماہ کے جاری اعداد وشمار کے مطابق اس سال موبائل فون چھیننے کی وارداتوں میں 15 فیصد سے زائد اضافہ ہوا، جنوری سے اب تک 5846 موبائل فونز چھینے جاچکے ہیں جب کہ گزشتہ سال یہ تعداد5074 تھی۔ موبائل فون چوری کی وارداتوں کی تعداد بھی زیادہ ہے لیکن پولیس کی جانب سے اس کا ڈیٹا جاری نہیں کیا گیا۔ اعداد و شمار کے مطابق گاڑیاں چھیننے کی وارداتوں میں 15 فیصد سے زائد کمی واقع ہوئی ہے، گزشتہ سال 51 گاڑیاں چھینی گئیں جب کہ اس سال 43 چھینی جاچکی ہیں اور ساتھ ہی 415 گاڑیاں چوری بھی ہوئیں۔ پولیس کے مطابق رواں برس موٹرسائیکل چھیننے کی وارداتوں میں بھی تقریبا دگنا اضافہ دیکھنے میں آیا، اس سال اب تک 997 موٹرسائیکل چھینی جاچکی ہیں جب کہ گزشتہ سال اس عرصے میں صرف 539 موٹرسائیکلیں چھینی گئی تھیں۔ اعداد وشمار کے مطابق اس برس موٹرسائیکلیں چوری کرنے کے واقعات بھی تقریبا 35 فیصد بڑھ گئے ہیں، اب تک 10207 موٹر سائیکلیں چوری کر لی گئی ہیں جب کہ گزشتہ سال چوری کی گئی موٹرسائیکلوں کی تعداد 7591 تھی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں