کورونا کی وجہ سے بچوں کی شرح اموات میں خطرناک حد تک اضافہ، تعلیمی اداروں میں مزید چھٹیاں دینے کا اعلان

لاہور (آن لائن) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی زیرصدارت پنجاب اسمبلی کی فنانس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں اسمبلی سیکرٹریٹ کے مالی سال 2021-22 کے سالانہ بجٹ کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جوان بخت، فنانس کمیٹی کے ارکان مظفر علی شیخ، شجاعت نواز، رئیس نبیل احمد، کاشف محمود، میاں شفیع محمد، میاں طارق عبداللہ، راجہ یاورکمال خان اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی نے شرکت کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کورونا کی تیسری لہر میں خطرناک حد تک شدت آنے اور تعلیمی اداروں میں بڑھتے ہوئے کیسز کو مدنظر رکھتے ہوئے کہا کہ فوری طور پر تعلیمی ادارے اور تعلیمی اکیڈمیز بند کر دینی چاہئیں بچوں میں کورونا بڑی تیزی سے پھیل رہا ہے، حالیہ سروے میں کورونا کی وجہ سے بچوں کی اموات شرح میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھا گیا ہے، اگر ملک کا مستقبل محفوظ بنانا ہے تو ہمیں اپنے بچوں اور نوجوانوں کی زندگیوں کی حفاظت کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ جب تک کورونا کے کیسز میں کمی نہیں آ جاتی سکولوں، کالجوں اور پرائیویٹ اکیڈمیز کو بند رکھا جائے اور ایسا مانیٹرنگ سسٹم بنایا جائے جودن بدن حالات کا جائزہ لے، کورونا کی پہلی دوسری اور تیسری لہر نے اب تک بہت سے پروفیسرز، ٹیچرز، سکول سٹاف اور بچوں کی قیمتی جانیں لے لی ہیں، اس وقت دنیا بھر میں آن لائن کلاسز کے ذریعے امتحان لیے جارہے ہیں، ہمیں بھی اپنے ملک کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے ایسا لائحہ عمل اپنانے کی ضرورت ہے۔ فنانس کمیٹی کو بتایا گیا کہ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی خصوصی ہدایات پر سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی نے مالی سال 2020-21 کے سالانہ بجٹ میں سے 37 کروڑ 69 لاکھ 13 ہزار روپے کی بچت کی۔ سپیکر اور ڈپٹی سپیکرکے ٹی اے ڈی اے اور میڈیکل چارجز میں سے 34 لاکھ 50 ہزار روپے، ارکان اسمبلی کی تنخواہوں، میڈیکل چارجز اور الاؤنسز میں سے 10 کروڑ 61 لاکھ روپے اور اسمبلی سیکرٹریٹ کے آپریٹنگ اخراجات، تنخواہوں اور الاؤنسز بل بجلی، گیس اور پٹرول میں سے 26 کروڑ 72 لاکھ 68 ہزار روپے کی بچت کی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close