وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سیکیورٹی ریڈ الرٹ پولیس کے ساتھ رینجرز کے اضافی دستے تعینات

اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی ریڈ الرٹ کر دی گئی ہے۔ فیض آباد سمیت تمام داخلی و خارجی راستوں پر پولیس کے ساتھ رینجرز کے اضافی دستے تعینات کئے گئے ہیں ‘ ڈپلومیٹک انکلیو سمیت ریڈ زون کے داخلی راستوں پر چیکنگ سخت کر دی گئی ہے۔ آئی جی اسلام آباد سیکیورٹی کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کالعدم تحریک لبیک پاکستان کیخلاف جاری کارروائیوں پر ممکنہ ردعمل کے پیش نظر راولپنڈی اسلام آباد کے مرکزی انٹر چینج فیض آباد پر پولیس اور رینجرز کے مسلح دستے تعینات کر دئیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی گروہ یا جماعت کو انٹرچینج کی طرف آنے سے روکا جا سکے۔ اسلام آباد کے تمام داخلی راستوں بالخصوص بھارہ کہو ‘ ٹی چوک روات ‘ ترنول اور ترامڑی چوک میں بھی پولیس کے ساتھ رینجرز تعینات کی گئی ہے ۔ دوسری جانب ریڈ زون کی سیکیورٹی میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ڈپلومیٹک انکلیو اور تمام عمارتوں کے اردگرد مسلح اہلکار تعینات کئے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹا جا سکے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close