تحریک انصاف حکومت کا بڑا فیصلہ، ہر شہری کو کیا سہولت دینے کا اعلان کر دیا گیا؟ بڑی خوشخبری سنا دی

لاہور(پی این آئی)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنےاعلان کیاہےکہ یونیورسل ہیلتھ انشورنس تحریک انصاف کی حکومت کا فلیگ شپ پروگرام ہے،پنجاب کے ہر شہری کو یونیورسل ہیلتھ انشورنس دیں گے،دسمبر2021ء تک یونیورسل ہیلتھ کوریج کا ہدف حاصل کریں گے،پہلے مرحلے میں ساہیوال اور ڈیرہ

غازی خان ڈویژن کے لوگوں کو یونیورسل ہیلتھ انشورنس فراہم کی جائیگی۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں یونیورسل ہیلتھ انشورنس کے امور کا جائزہ لیا گیا،اجلاس میں کورونا ویکسین لگانے کے عمل پر ہونے والی پیش رفت پر بھی غور کیا گیا،اجلاس میں وزیراعلیٰ کو یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان،چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئراینڈ میڈیکل ایجوکیشن، سیکرٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ،سیکرٹری خزانہ، سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا کہ یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام سے شہریو ں کو معیاری علاج معالجہ کی سہولتیں بالکل مفت میسر آئیں گی،پاکستان کی تاریخ میں ہیلتھ کیئر کے حوالے سے ایسا بہترین پروگرام کسی حکومت نے نہیں دیا،عوام کو ان کی دہلیز پرمعیاری علاج معالجہ فراہم کریں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب ہیلتھ انییشیٹو مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرزکو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ ورکرز کے ساتھ بزرگ شہریوں کو بھی کوروناویکسین لگانے کا عمل مزید تیز کیا جائے،ویکسینیشن سینٹرز پربزرگ شہریوں کیلئے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں،وزراء کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں ویکسینیشن سینٹرز کا وزٹ کرے اور سہولتوں کا جائزہ لیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے کہاکہ کورونا کی صورتحال خطرناک ہے،ہم سب پرفرض ہے کہ زیادہ سے زیادہ احتیاط کریں،کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے عوام کا تعاون ناگزیر ہے،عوام کی زندگیاں بچانے کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں