اسلام آباد (پی این آئی ) 18 مارچ کو نواز شریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری کا امکان ظاہر کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی عامر متین نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کے داماد اور نائب صدر ن لیگ مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی 18مارچ کو گرفتاری کا امکان
ہے ، جس کی وجہ سے گھن گرج بہت زیادہ بڑھ گئی ہے ، چند دن پہلے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر مسلم لیگ ن کے رہنماء احسن اقبال کو جوتا پڑ گیا اور سینیٹر مصدق ملک کا کارکنوں سے جھگڑا ہوگیا جس کے جواب میں وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل پر سیاہی اور انڈے پھینک دیے گئے تو اس ساری صورتحال میں پاکستانی سیاست بہت گندگی کا شکار ہوتی جارہی ہے۔بتایا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنماء کیپٹن ریٹا ئرڈ صفدر کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات انکوائری میں اہم پیش رفت ہوئی ہے جہاں نیب کو مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے اپنے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کے بے نامی دار ہونے کے شواہد ملے ہیں ، نیب کے پاس موجود دستاویزات کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے نام پر کیپٹن (ر) صفدر نے سندر میں 109 ایکٹر اراضی خرید رکھی ہے ، موضع مال میں زمین مریم نواز کے نام سے خرید رکھی ہے ، موضع بدوکی میں 62 کنال 2 مرلے کی زمین بھی مریم نواز کے نام پر خریدی گئی ہے، 14 کنال ایک مرلے کی زمین رائیونڈ روڈ پر مریم نواز کے نام سے بنا رکھی ہے ، مریم نواز تحصیل رائیونڈ میں 200 ایکٹر کی اراضی کی بے نامی دار ہیں ۔ذرائع کے مطابق کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف 2020ء میں نیب خیبرپختونخوا کو شکایات موصول ہوئی تھیں ، لاہور میں زیادہ تر پراپرٹیز ہونے کے باعث انکوائری نیب لاہور کو منتقل کی گئی جب کہ کیپٹن (ر) صفدر کے ذرائع آمدن سے متعلق بھی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں