عدت میں موجود ایم کیو ایم کی سینیٹر خالدہ اطیب ووٹ ڈال سکتی ہیں یا نہیں؟ جامعہ بنوریہ کا فتویٰ آگیا

اسلام آباد(پی این آئی) کراچی کی جامعہ بنوریہ العالمیہ نے سینیٹر خالدہ اطیب کے ووٹ ڈالنے کیلئے عدت سے اٹھنے کو غیر شرعی قرار دے دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جامعہ بنوریہ کی جانب سے خالدہ اطیب کے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں ووٹ ڈالنے کے حوالے سے فتویٰ جاری کردیا گیاہے۔

مفتیان کرام کا کہنا ہے کہ ووٹ ڈالناایسی شرعی ضرورت نہیں جس کے تحت دوران عدت گھرسے نکلنے کی اجازت دی جائے۔ الیکشن کمیشن کو چاہیے کہ اس سقم کو دورکرنے کے لیے عدالت سے رجوع کرے۔یاد رہے کہ خالدہ اطیب متحدہ قومی موومنٹ کے ٹکٹ پر سینیٹر منتخب ہوئی تھیں۔ ان کے شوہر کا کچھ عرصہ پہلے ہی انتقال ہوا ہے جس کے باعث وہ عدت میں ہیں۔ چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں ووٹ ڈالنے کیلئے انہیں عدت سے اٹھائے جانے کے حوالے سے جامعہ بنوریہ سے رجوع کیا گیا تھا۔دوسری جانب وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق کا کہنا ہے کہ خالدہ اطیب شرعی تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ووٹنگ کے عمل میں حصہ لیں گی۔ ایم کیو ایم رہنما کشور زہرہ کے مطابق خالدہ اطیب نے ووٹ ڈالنے کا فیصلہ علمائے کرام کی مشاورت کے بعد کیا ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں