سونے کی فی تولہ قیمت میں 5 ہزار سے زائد کی بڑی کمی ہو گئی

لاہور (پی این آئی) ایک ہفتے کے دوران سونے کی فی تولہ قیمت میں 5 ہزار روپے سے زائد کی بڑی کمی، ملکی صرافہ مارکیٹوں میں مسلسل دوسرے روز ایک ہزار روپے سے زائد کی کمی، فی تولہ قیمت 1 لاکھ روپے کی سطح کے قریب آگئی۔تفصیلات کے مطابق طویل عرصے بعد سونے کی فی تولہ قیمت 1 لاکھ روپے

کی سطح سے نیچے آ جانے کا امکان ہے۔ بتایا گیا ہے کہ رواں ہفتے 5 کاروباری روز کے دوران سونے کی فی تولہ قیمت میں 5 ہزار روپے سے زائد کی بہت بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔رواں ہفتے سونے کی تولہ قیمت میں اب تک 5 ہزار 400 روپے کی کمی ہو چکی۔ جبکہ مسلسل دو روز کے دوران قیمت میں 1 ہزار روپے سے زائد کی کمی ہوئی۔ جمعہ کے روز مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت مزید1450روپے کی کمی سے 1 لاکھ 2 ہزار750 روپے ہوگئی۔یہ قیمت 24 قیراط سونے کی ہے، جبکہ 22 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت 94 ہزار روپے جبکہ 21 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت 90 ہزار ہو چکی۔آل صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی گولڈ مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 17ڈالر کی نمایاں کمی سے 1696 ڈالر ہوگئی اسی وجہ سے ملکی مارکیٹ میں بھی قیمتوں میں واضح کمی آئی ہے۔ سونے کی فی تولہ کے علاوہ 10 گرام کی قیمت میں بھی واضح کمی آئی۔ جمعہ کے روز 10 گرام سونے کی قیمت 1450روپے کی کمی سے 88 ہزار 92 روپے ہوگئی۔ بتایا گیا ہے کہ قوی امکان ہے کہ آئندہ ہفتے سونے کی فی تولہ قیمت 1 لاکھ روپے کی سطح سےنیچے آ جائے گی۔جہاں ایک جانب سونے کی قیمت میں واضح کمی آئی ہے، وہیں دوسری جانب ڈالر کی قیمت میں بھی بہت تیزی سے کمی آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ملکی کرنسی مارکیٹ میں رواں ہفتے کے دوران ڈالر کی قیمت 1 سال کی کم ترین سطح پر آگئی۔ پاکستان کی کرنسی مارکیٹ میں ڈالر اس وقت 157 روپے سے زائد کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق آئندہ ایک سے دو ہفتوں کے دوران ڈالر کی قیمت 155 روپے کی سطح تک آ سکتی ہے۔ ڈالر کی قیمت میں کمی کی وجہ سے مہنگائی کی شرح میں کمی آئے گی، تاہم اس صورتحال سے ایکسپورٹرز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close