اسلام آباد (پی این آئی) وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کے نتیجے کو چیلنج کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ غیر حتمی طور پر 7 ووٹ رجیکٹ ہوئے ہیں ، پانچ
ووٹ کا فرق ہے ، ابھی اس نتیجہ کو چیلنج کریں گے۔پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے اپنے موقف میں کہا کہ اسلام آباد کی نشست پر بڑے پیمانے پر ہارس ٹریڈنگ ہوئی جس کے سارے ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں ، تمام معاملات کی تحقیقات ہونی چاہیئے کیوں کہ خواتین کی نشست سے پی ٹی آئی کی فوزیہ ارشد جیت گئی ہیں۔ یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی نے5 ووٹوں سے حفیظ شیخ کو شکست دی، یوسف رضا گیلانی کو 169 اور تحریک انصاف کے حفیظ شیخ کو164 ملے، الیکشن میں 6 ووٹ مسترد ہوگئے ہیں ، آج سینیٹ کی 37 نشستوں پر الیکشن ہوا جس کے لیے پولنگ کا عمل صبح 9 بجے شروع ہوا، پولنگ کا عمل 5 بجے تک جاری رہا۔سینیٹ انتخابات کے لیے قومی اور تین صوبائی اسمبلیوں میں پولنگ ہوئی۔ پولنگ کا عمل بغیر کسی وقفے کے جاری رہا۔ قومی اسمبلی کے 341 اراکین میں سے 340 نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا جب کہ جماعت اسلامی کے رکن قومی اسمبلی مولانا عبدلااکبر چترالی نے ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔این اے 75 ڈسکہ سے کوئی ممبر قومی اسمبلی میں نہیں ہے کیونکہ یہاں پر الیکشن کمیشن نے دوبارہ انتخابات کااعلان کر رکھا ہے۔اسلام آباد کی 2، سندھ کی 11، خیبرپختونخوا کی 12 اور بلوچستان کی 12 نشستوں پر پولنگ ہوئی۔ صوبوں کی نشستوں پر ارکان صوبائی اسمبلی نے ووٹ ڈالا۔ جبکہ اسلام آباد کی 2 نشستوں پر ارکان قومی اسمبلی نے ووٹ کاسٹ کیا۔ اسلام آباد کی جنرل نشست پر پی ٹی آئی کے ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے یوسف رضا گیلانی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا، اب کامیاب امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا گیا ہے، سینیٹ الیکشن کے نتائج کے مطابق سینیٹ انتخابات میں یوسف رضا گیلانی نے حفیظ شیخ کو شکست دے دی ہے، یوسف رضا گیلانی سینیٹر منتخب ہوگئے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں