سینیٹ انتخابات کیلئے آپ کو یہ سہولت نہیں دے سکتے، الیکشن کمیشن نے شہباز شریف کی درخواست مسترد کردی

اسلام آباد(پی این آئی ) الیکشن کمیشن نے شہباز شریف کو لاہور میں سینیٹ انتخابات کے لئے ووٹ کاسٹ کرنے کی سہولت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے الیکشن کمیشن سے درخواست کی تھی کہ انہیں لاہورہی میں سینیٹ الیکشنز کیلئے

ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت دی جائے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی درخواست مسترد کردی ہے۔ الیکشن کمیشن کا موقف ہے کہ پہلے ہی اسیر ارکان اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری کئے جاچکے ہیں، شہباز شریف سمیت دیگر اسیر ارکان قومی اسمبلی ہال میں ووٹ ڈال سکتے ہیں قومی اسمبلی ہال کے علاوہ کہیں اور ووٹ ڈالنے کی سہولت نہیں دی جاسکتی۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان 3 مارچ 2021ء کو ہونے والے سینیٹ انتخابات سے قبل لاہور کا دورہ کریں گے جبکہ دورے کی تاریخ کا تعین کسی بھی وقت کیا جاسکتا۔ بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان لاہور میں قیام کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سمیت اراکین پنجاب اسمبلی سے ملاقاتیں کریں گے اور ان سے سینیٹ کے حکومتی امیدواروں کے حق میں ووٹ ڈالنے کی یقین دہانیاں حاصل کریں گے۔ سیاسی حلقوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ سینیٹ الیکشن سے قبل وزیراعظم کا دورہ لاہور کی صورت میں شہر کا سیاسی پارہ مزید بڑھ سکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close