ابوظہبی (پی این آئی) متحدہ عرب امارات میں کرونا کیسز میں بہت ہی تشویش ناک اضافہ، یومیہ کیسز کی تعداد تقریباً 4 ہزار تک پہنچ گئی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 939 نئے کیسز اور 6 اموات رپورٹ ہوئیں۔خلیجی خبر رساں ادارے کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں ایک دن
میں رپورٹ ہونے والے کیسز میں اضافے کے ایک سال کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں۔امارات میں ایک سال قبل 29 جنوری کو پہلا کرونا کیس رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد کچھ روز قبل پہلی مرتبہ ملک میں 3 ہزار سے زائد کرونا کیس رپورٹ ہوئے ، جبکہ اب بدھ کے روز ایک ہی دن میں تقریباً 4 ہزار کے قریب کیسز رپورٹ ہوئے۔ اماراتی وزارت صحت کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران امارات میں 3939 کیسز اور 6 اموات رپورٹ ہوئیں۔جبکہ 4 ہزار سے زائد مریض صحتیاب بھی ہوگئے۔ امارات میں اب تک 816 افراد کرونا کے باعث جاں بحق ہو چکے جبکہ زیر علاج مریضوں کی تعداد 24 ہزار سے زائد ہے۔ متحدہ عرب امارات میں اب تک 2 کروڑ 48 لاکھ سے زائد کرونا ٹیسٹ کیے جا چکے۔ کل 2 لاکھ 89 ہزار سے زائد افراد مہلک وبا سے متاثر ہوئے اور اب تک 2 لاکھ 63 ہزار سے زائد مریض صحتیاب بھی ہو چکے۔ کرونا کیسز کی تعداد بڑھنے کے بعد اماراتی حکومت نے دوبارہ سے کئی سخت کرونا پابندیاں عائد کر دی ہیں۔عوام کو خبردار کیا جا رہا ہے کہ جاری کردہ کرونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے، خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ دوسری جانب متحدہ عرب امارات میں کرونا ویکسین لگائے جانے کا عمل تیز کردیا گیا۔ اب تک لاکھوں افراد کو ویکسین لگائی جا چکی، جبکہ ملک میں مقیم ہر شخص سے اپیل کی گئی ہے کہ ویکیسن لگوائی جائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں