سینیٹ انتخابات: شہباز شریف اور مریم نواز آمنے سامنے آگئے، سینیٹرز بنوانے کیلئے فہرستیں تیار

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کی طرف سے سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کی وجہ سامنے آگئی۔ تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی و تجزیہ کار عارف حمید بھٹی نے کہا ہے کہ ایک طرف تو شہباز شریف سینیٹر بنوانا چاہ رہے ہیں اور دوسری جانب مریم نواز اسٹیبلشمنٹ مخالف لوگوں کو سینیٹ میں لانا چاہتی ہیں ،

دیکھنا یہ ہے کہ اس سلسلے میں مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کس فہرست کو ترجیح دیتے ہیں۔نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن تو پہلے دن سے بضد تھی کہ ہم سینیٹ کو نہیں مانتے ، وہ کہتے رہے ہیں کہ ناصرف وزیر اعظم بلکہ یہ اسمبلی ہی جعلی ہے ، اس صورتحال میں سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کا مطلب یہ ہے کہ مسلم لیگ ن یہ مان چکی ہے کہ عمران خان منتخب وزیر اعظم ہیں ، انہوں نے کہا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں حصہ نہیں لیں گے اور ضمنی انتخابات کا بھی بائیکاٹ کریں گے ، لیکن اب لگتا ہے کہ مسلم لیگ ن بشمول نواز شریف اور مریم نواز یہ جان چکے ہیں کہ اسی ٹکٹ پر گزارہ کرنا پڑے گا ، اور یہ عمران خان کے خلاف پانچ سال میں کسی قسم کی رکاوٹ کھڑی نہیں کرسکیں گے۔سینئر صحافی و تجزیہ کار عارف حمید بھٹی کے مطابق آنے والے دنوں میں مسلم لیگ ن شاید دھرنے سے بھی کترائے گی کیوں کہ پیپلزپارٹی تو واضح طور پر دھرنے کی مخالفت کرچکی ہے جب کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ بظاہر تتر بتر ہوچکی ہے ، پیپلز پارٹی پی ڈی ایم سے واضح طور پر علیحدگی اختیار کرچکی ہے ، کیوں کہ بلاول بھٹو زرداری کہہ چکے ہیں کہ عمران خان کو گھر بھیجنے کا واحد طریقہ صرف تحریک عدم اعتماد ہی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کی طرف سے سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کی وجہ سامنے آگئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں