بیٹی، بہن اور سالے کا گھر، پلازہ گرا دیا گیا، ن لیگی لیڈر کی ملکیتی تعمیرات گرانے کا معاملہ منتخب ایوان میں اٹھانے کا اعلان

لاہور( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) نے لیگی رہنمائوں کھوکھر برادران کی ملکیتی تعمیرات کو گرانے کے معاملے کو قومی اور پنجاب اسمبلی کے اجلاسوں میں اٹھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے خلاف ہر سطح پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا ،سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ اگر یہ قبضہ ہے تو یہ

اعلیٰ عدلیہ نے کرایا ہے ، میں تیسرا خریدار ہوں اور ایک ایک مرلہ ہمارا املکیتی ہے ۔ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق ، خواجہ عمران نذیر ، رمضان صدیق بھٹی سمیت دیگر رہنما کھوکھر برادران سے اظہار یکجہتی کیلئے ان کی رہائشگاہ پہنچے ۔ پولیس کی جانب سے لیگی رہنمائوں کو آگے جانے سے روکا گیا جس پر سعد رفیق او رخواجہ عمران نذیر کی پولیس اہلکاروں سے بحث اور تکرار بھی ہوئی ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کھوکھر برادان پرانے ساتھی ہیں،ان کا جرم یہی ہے کہ یہ مسلم لیگ (ن)،پی ڈی ایم اورکاروان جمہوریت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اتنے کم ظرف حکمران ہم نے اپنی ساری زندگی میں نہیں دیکھے،ایک طرف تعاون کی بھیک مانگتے ہو اوردوسری طرف ہمارے ایم این اے اور ایم پی اے کے گھروں کو گراتے ہو،آپ اپنی غنڈہ گردی کا شوق پورا کریں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا چور چور کا بیانیہ پٹ چکا ہے، آپ نے عدالتوں کے احکامات کے پر خچے اڑا دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو قومی اسمبلی او رپنجا ب اسمبلی کے اجلاسوں میں بھرپور طریقے سے اٹھائیں گے او راس کے خلاف ہر سطح پر احتجاج کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت پولیس کے افسران کو غلط استعمال کررہی ہے،انہوںنے اپنے گرتے ماحول کا نظارا دیکھ لیا ہے ،حکمرانوں نے نیا پاکستان پرانے پاکستان سے

کہیں زیادہ بدتر بنادیا ہے،آج کاروبار برباد ہوچکے ہیں ، انہوںنے لوگوں کی آزادی چھین لی ہے،ایسے اقدامات وہ حکمران کرتے ہیں جن کو معلوم ہوتا ہے کہ ہم کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان کو اپنا وقت پورا نہیں کرنے دیں گے کیونکہ اگر ایسا ہوا تو یہ غریبوں کو مار کرجائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ کھوکھربرادران اس لئے ہدف ہیں کیونکہ اس خاندان نے ضلع لاہور کی سیاست میں (ن) لیگ کو زندہ رکھا۔ملک سیف الملوک کھوکھر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ کہتے ہیں قبضہ کیا ہے ، اگر یہ قبضہ ہے تو یہ اعلیٰ عدلیہ نے کروایا ہے، 1970ء میں سپریم کورٹ نے القدس کو زمین دی ،میں تیسرا خیردار ہوں ، ایک ایک مرلہ ہمارا ملکیتی ہے ،ہمیں یہ سزا اس لئے دی گئی ہے کیونکہ ہم مسلم لیگ (ن) کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ہمیں اپنے گھر بھی جانے نہیں دے رہے،ہمارے قائد ہمیں پرامن رہنے کا کہتے ہیں اس لئے ہم پر امن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 13لوگوں نے حکم امتناعی لیا ہوا ہے ، عدالتی احکامات کی بھی خلاف ورزی کی گئی ۔ انہوںنے آپریشن کے دوران چادر او ر چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا ، خواتین کو گھر وں سے باہر نکال کر تعمیرات کو مسمار کیا ہے ۔ میری بیٹی ، بہن اور سالے کے گھر اور دکانیں گرا دی گئی ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو اور اس کے ساتھ جڑے ہوئے لوگوں کو سزا دی جارہی ہے ہے لیکن ہم ڈٹ

کر کھڑے ہیں۔ ملک افضل کھوکھر نے کہا کہ عمران خان نے انتہا کر دی ہے ،ہمیں اس لئے سزا دی جاتی ہے کہ ہم نواز شریف کے ساتھی ہیں،سیاسی ادارے انتقامی سیاست کا حصہ بنے ہوئے ہیں۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ اس کے خلاف اسمبلی کے اندر اور باہر بات کریں گے، یہ معاملات عدالت میں ہیں لیکن عدالتی معاملات میں بھی مداخلت کی گئی ،اگر کھوکھر برادران چاہتے تو یہ آپریشن نہ کرنے دیتے لیکن انہوں نے کوئی مزاحمت نہیں کی ، حکمرانوںنے آج ہمارے صبر کو آزمایا ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close