بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں کرپشن کرنے پر پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما فرزانہ راجہ کو سزا سنانے کا فیصلہ

اسلام آباد (پی این آئی) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں کرپشن کرنے پر پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما فرزانہ راجہ پر فرد جُرم عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جبکہ احتساب عدالت نے دو ملزمان کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے جائیداد ضبطی کا بھی حکم دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت

میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں کرپشن ریفرنس پر سماعت ہوئی۔دوران سماعت احتساب عدالت نے پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما فرزانہ راجہ سمیت تمام ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا اور فرزانہ راجہ سمیت تمام ملزمان کو 15 فروری کو فرد جُرم کے لیے پیش ہونے کا بھی حکم دے دیا۔ سماعت کے دوران نیب کو وفات پانے والے ملزم کا ڈیٹھ سرٹیفکیٹ بھی فراہم کر دیا گیا۔عدالت میں وکیل نے ڈیتھ سرٹیفکیٹ پیش کیا اور بتایا کہ ملزم خرم ہمایوں انتقال کر گئے ہیں۔جس کے بعد احتساب عدالت نے ریفرنس میں نامزد مزید دو ملزمان عفت زہرا اور شعیب خان کو اشتہاری قرار دیا اور دونوں ملزمان کے دائمی وارنٹ جاری کرتے ہوئے ان کی جائیداد ضبطی کا بھی حکم جاری کر دیا۔ احتساب عدالت نے عفت زہرا اور شعیب خان کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کا بھی حکم دیا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ احتساب عدالت کی جانب سے اشتہاری قرار دئے جانے والے ملزم شعیب خان سابق ڈائریکٹر انکم سپورٹ پروگرام ہیں جبکہ دوسری اشتہاری ملزمہ عفت زہرا کا تعلق نجی کمپنی سے تھا۔احتساب عدالت نے کیس کی مزید سماعت 15 فروری تک ملتوی کردی ۔ یاد رہے کہ نیب نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں مبینہ کرپشن کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کیا تھا ۔ احتساب عدالت میں دائر کیے جانے والے اس ریفرنس میں انیس ملزمان کو فریق بنایا گیا تھا۔واضح رہے کہ بے نظیر اِنکم سپورٹ پروگرام میں ملزمان پر54 کروڑ کی کرپشن کا الزام ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں