مسقط (پی این آئی) کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافے کے باعث عمان میں نافذ کیے گئے لاک ڈاؤن میں مزید توسیع کردی گئی ہے ۔ عرب میڈیا کے مطابق عمان سپریم کمیٹی نے کورونا وائرس کی بگڑتی صورتحال کے باعث فیصلہ کیا ہے کہ سلطنت کے بین الاقوامی بارڈرز کو مزید ایک ہفتے تک بند رکھا جائے گا۔ سلطنت
عمان میں جاری لاک ڈاؤن میں کورونا کی بگڑتی صورتحال کے باعث ایک ہفتے کی مزید توسیع کی گئی ہے۔18 جنوری کی شام 6 بجے سے شروع ہونے والے لاک ڈاؤن کے نفاذ میں ملک میں نہ کوئی غیر ملکی مسافر آ سکے گا نہ اور نہ ہی کوئی ملک کی حدود سے باہر جا سکے گا۔ غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کے روز سپریم کمیٹی کے اجلاس میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے حوالے رپورٹ کا جائزہ لیا گیا۔ماہرین کی موجودگی میں فیصلہ کیا گیا کہ خطرناک وبا سے شہریوں کو محفوظ رکھنے کے لیے لاک ڈاؤن میں توسیع کی جائے ۔لاک ڈاؤن میں سختی اور توسیع کا مقصد کورو نا کے پھیلاؤ اور بالخصوص کورونا وائرس کی نئی قسم سے بچنا ہے ۔ واضح رہے کہ کورونا کی اس نئی اور خطرناک قسم کے پھیلاو کے خدشے کے پیش نظر عمان نے گزشتہ ماہ سے اپنی زمینی ، فضائی اور سمندری حدود بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔عمان سپریم کمیٹی نے 22 دسمبر سے ملک کی تمام سرحدوں سے آنے اور جانے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔متعدد ممالک نے کورونا وائرس کی دوسری لہر کے باعث فضائی پابندیاں عائد کی ہیں،اس تناظر میں عمان نے بھی اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں۔ عمان سے کارگو کے ذریعے سامان آنے اور جانے پر پابندی کا اطلاق نہیں ہو گا۔عمان کو 30 دسمبر کو کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ ملے گی۔قبل ازیں وزارت صحت نے عوام پر زور دیا کہ وہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفاظتی احتیاطی تدابیر کی پاسداری کریں اور رہ نما ہدایات کے مطابق سماجی دوری اختیار کریں۔واضح رہے کہ عمانی ریاست نے کچھ عرصہ قبل مکمل لاک ڈاؤن کر دیا گیا تھا۔ عمانی رائل پولیس کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ لاک ڈاؤن کے دوران ایک صوبے سے
دوسرے صوبے کا سفر کرنے پر مکمل پابندی ہو گی۔ جو لوگ اس پابندی کی خلاف ورزی کرتے پائے گئے، ان پر ایک سو عمانی ریال کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔دوسرے صوبوں میں کسی بھی قسم کی ٹرانسپورٹ لے کر جانے پر بھی یہ جرمانہ عائد ہو گا۔ البتہ لوگوں کو طبی معائنے اور علاج معالجے کی غرص سے دوسرے صوبوں میں جانے کی اجازت ہو گی۔ تاہم اس کے لیے ہسپتال کی جانب سے مریض کے چیک اپ سے متعلق دستاویزات دکھانا لازمی ہو گا۔ عمانی حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن 25 جولائی 2020ء سے شروع ہوا تھا جو 8 اگست 2020ء تک نافذ رہا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں