اسلام آباد(پی این آئی) خلیجی ممالک میں اس وقت لاکھوں پاکستانی مقیم ہیں، جن کی ایک بڑی گنتی اپنے گھر والوں کو قانونی ذرائع کی بجائے ہنڈی یا حوالہ کے غیر قانونی ذرائع سے رقم بھجواتی ہیں۔ جس کا پاکستانی معیشت کو فائدہ نہیں ہوتا۔ تاہم حکومت پاکستان کی جانب سے پاکستانیوں کو قانونی طریقے سے رقوم بھجوانے
کی ترغیب دینے کے لیے عنقریب ایک شاندار پیکیج تیار کیا جا رہا ہے۔اس حوالے سے وزیراعظم کے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے معاون خصوصی سید ذوالفقار عباس بخاری نے اردو نیوز کو ایک خصوصی انٹرویو میں بتایا ہے کہ وفاقی حکومت روشن ڈیجیٹل اکاوٴنٹس کی کامیابی کے بعد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو قانونی طریقے سے رقوم گھر بھجوانے میں آسانیاں فراہم کرنے اور ترغیب دینے کے لیے ایک نئے مراعاتی پیکج پر کام کر رہی ہے۔وزارت خزانہ سے مشاورت کے بعد اس بات کا اصولی فیصلہ ہو گیا ہے کہ قانونی طریقے سے پاکستان رقوم بھجوانے والوں کے لیے ایک نیا مراعاتی پیکج جلد پیش کیا جائے گا۔اس مراعاتی پیکج میں پی آئی اے کے ٹکٹ میں رعایت، سامان ، موبائلز پر کسٹمز ڈیوٹی میں رعایت بھی شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں وزارت خزانہ نے ہمیں گرین سگنل دے دیا ہے۔ان میں ایسی مراعات ہوں گی جن سے لوگوں کو فائدہ ملے کہ وہ اس کے ذریعے بھیجیں، یا روشن ڈیجیٹل اکاوٴنٹ کے ذریعے بھیجیں تو ان کو یہ فائدے ملیں، تا کہ وہ ہنڈی، حوالہ، ایسی چیزیں نہ استعمال کیا کریں۔ان کا کہنا تھا کہ روشن ڈیجیٹل اکاوٴنٹس سکیم نے شاندار کامیابی حاصل کی ہے اور اس کے ذریعے قومی خزانے میں خطیر زرمبادلہ کا اضافہ ہوا ہے۔ ’ستر ہزار سے زیادہ اکاوٴنٹس کھل گئے ہیں، تین سو ملین ڈالر تک پاکستان میں لوگوں نے یہاں واپس بھیجے ہیں تو بہت زیادہ کامیاب ہوئے ہیں۔ خاص طور پر جو بیرون ملک پاکستانی ہیں انہوں نے حسب معمول زبردست رسپانس دیا ہے۔‘
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں