عوام پر بجلیاں گرانے کی تیاری، بجلی کی فی یونٹ قیمت میں بڑے اضافے کا امکان، سمری منظوری کیلئے بھجوادی گئی

اسلام آباد (پی این آئی) پاور ڈویژن کی جانب سے بجلی کےبنیادی ٹیرف میں فی یونٹ اضافےکی سمری تیار کرلی گئی ہے ۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاورڈویژن نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 2روپے فی یونٹ اضافے کی سمری تیار کرلی ہے۔ جبکہ بجلی کی قیمت بڑھانے کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی۔

بتایا گیا ہے کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنے کے بعد بجلی کی قیمت میں اضافے کا عندیہ دے دیا ہے۔بجلی کی قیمت 2 روپے فی یونٹ بڑھانے کی سمری تیارکرلی گئی ہے۔ پاور ڈویژن ذراِئع کے مطابق نیپرا نے ٹیرف میں 3 روپے 34 پیسے اضافے کی اجازت دی تھی۔بجلی کی قیمت بڑھانے پر اقتصادی رابطہ کمیٹی کے بعد حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی۔اس وقت بجلی کا فی یونٹ بنیادی ٹیرف 13 روپے 35 پیسے ہے۔پاور ڈویژن کی سفارش ماننے کی صورت میں بجلی کی قیمت 15 روپے 35 پیسے ہو جائے گی۔دوسری جانب حکومت اور آئی پی پیز کے درمیان بجلی کی قیمت میں کمی کیلئے مذاکرات بھی جاری ہیں۔ واضح رہے کہ گذشتہ رات بھی بجلی کی قیمت میں اضافے کی خبریں سامنے آ رہی تھیں۔ ذرائع پاور ڈویژن کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کیلئے مختلف تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے۔ نیپرا کی جانب سے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 3 روپے 30 پیسے اضافے کی سفارش کی گئی تھی۔جبکہ حکومت بجلی کے ٹیرف میں 2 روپے سے کچھ زائد اضافہ کرنے کا ارادہ رکھتی تھی۔ اس حوالے سے غور و فکر کیا جا رہا تھا۔اور خیال کیا جا رہا تھا کہ آئندہ چند روز کے دوران حکومت کی جانب سے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کا باقاعدہ اعلان کر دیا جائے گا۔ یہاں واضح رہے کہ کچھ روز قبل ہی ذرائع کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ حکومت کو آئی ایم ایف پروگرام شروع کرنے سے قبل بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرنا ہوگا۔ آئی ایم ایف کی جانب سے حکومت میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ سبسڈی کم کر کے بنیادی ٹیرف میں اضافہ کیا جائے۔ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بھی کچھ روز قبل ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے عندیہ دیا گیا تھا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close