لاہور (پی این آئی) سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی طرف سے ریاست جموں وکشمیر میں مسلم لیگ کی نمائندگی آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کو دے رکھی تھی اور قائد ملت چوہدری غلام عباس کو اپنا سیاسی جانشین نامزد کیا تھا۔ قائد اعظم مسلم لیگ آج بھی محمد
علی جناح کے فیصلے پر کاربند ہے۔ سردار محمد عبدالقیوم خان اور چوہدری ظہور الہٰی شہیدؒ کے تعلقات نے پاکستان اور آزادکشمیر کے رشتوں کو مضبوط کیا۔ آزادکشمیر میں آئندہ آنے والا دور مسلم کانفرنس کا ہے۔ اور ہم اس سلسلے میں اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کریں گے۔انھوں نے ان خیالات کے اظہار قائد مسلم کانفرنس سابق وزیر اعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمد خان سے یہاں سپیکر اسمبلی کی رہائش گاہ پر ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق وزیر عظم پاکستان اور مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین، ممبر قومی اسمبلی چوہدری سالک حسین اور مسلم کانفرنس یوتھ ونگ کے چیئرمین سردار عثمان علی خان بھی موجود تھے۔ سردار عتیق احمد خان نے اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ کے قائدین کو ریاست جموں وکشمیر کے دونوں اطراف کی سیاسی صورت حال پر روشنی ڈالی اور آزاد کشمیر میں نواز لیگ کی طرف سے کئے گئے عوام دشمن اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ یہ سال آزادکشمیر میں عام انتخابات کا سال ہے مسلم کانفرنس بھرپور طریقے سے انتخابات میں حصہ لینے کے لیے تیار ہے۔ آزادکشمیر کے لوگ آزادانہ، دیانتدارانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے خواں ہیں۔ آزاد کشمیر کا یہ حساس خطہ دھاندلی زدہ انتخابات کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ہم انتخابات میں بیرونی مداخلت کے قائل نہیں لیکن آزادانہ انتخابات کی
یقین دھانی چاہتے ہیں۔ اور مسلم لیگ ق حکومت پاکستان کی اتحادی ہونے کے ناطے غیر جانبدارانہ انتخابات میں اپنا کردار ادا کر سکتی ہے۔ سردار عتیق احمد خان نے اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین کی صحت یابی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اُن کی مکمل اور جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ سابق وزیر اعظم پاکستان چوہدری شجاعت حسین نے قائد مسلم کانفرنس کو یقین دلایا کہ مہاجرین جموں وکشمیر مقیم پاکستان کی مختص نشستوں پر غیر جانبدارانہ انتخابات کو یقینی بنایا جائے گا۔ اور اس سلسلے میں دھاندلی کی شکایت کو موقع نہیں دیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس بانی پاکستان کی نمائندہ جماعت ہے۔ اور جن لوگوں نے مسلم کانفرنس کو توڑا وہ نہ صرف پچھتا رہے ہیں بلکہ حقیقت میں وہ اس جرم کی سزا بھی بھگت رہے ہیں۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں