تمام کرپٹ وفاقی وزراء کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ کر دیا گیا

لاہور(پی این آئی) پاکستان ڈیموکرٹیک موومنٹ نے کرپٹ وفاقی وزراء کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ کردیا،پی ڈی ایم کے رہنماؤں نے کہا کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ سے اپیل ہے کہ کرپشن میں ملوث تمام وزراء کے نام ای سی ایل پر ڈالنے کی ہدایت جاری کی جائے، کیونکہ ہمیں ڈر ہے جب تحریک آگے بڑھے

گی تو حکومت کے کرپٹ وزراء ملک سے بھاگ جائیں گے۔مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماء احسن اقبال اور پیپلزپارٹی کے رہنماء راجا پرویز اشرف دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کررہے تھے۔ ن لیگ کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی قیادت نے کل کے جلسے کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا ہے، میں کہنا چاہتا ہوں کہ وزراء پی ڈی ایم کی تحریک سے متعلق مزاحیہ تبصرے کررہے ہیں، وزیراعظم اور وزیر ہوابازی کو مستعفی ہوجانا چاہیے تھا، وزیر ہوابازی نے وزیراعظم کی ایماء پر ہوابازی صنعت کو تباہ کیا۔پی آئی اے کا کباڑہ کردیا ہے، پاکستان سے اڑنے والی تمام پروازوں پر یورپ سے پابندی لگوائی، ایوی ایشن اتھارٹی کی پائلٹ کو لائسنس دینے کی اجازت کو ختم کروادیا ہے۔ ایسے لوگوں کو فی الفور اپنے عہدوں سے مستعفی ہوجانا چاہیے تھا، یہ پاکستان کی نالائق ترین، کرپٹ حکومت ہے، کرپشن کی داستانیں روز میڈیا پر آرہی ہیں۔عمران خان کی نالائقی کا بوجھ برداشت نہیں کرسکتے، پاکستان کی تمام محب وطن اور جمہوری جماعتوں نے تحریک کا آغاز کیا، جو وزراء سمجھتے ہیں کہ وہ احتساب سے بچ جائیں گے، میں چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کرتا ہوں کہ اس حکومت کے کرپشن میں ملوث تمام وزراء کے نام ای سی ایل پر ڈالنے کی فوری ہدایت جاری کی جائے۔کیونکہ ہمیں ڈر ہے جب تحریک آگے بڑھے گی تو حکومت کے کرپٹ وزراء ملک سے بھاگ جائیں گے، اربوں کی کرپشن کرنے والے کرپٹ معاون خصوصی ملک سے فرار حاصل کریں گے۔پاکستان کی ایئرلائن کو بند کرکے اور برطانیہ کی ایئرلائن کو پی آئی اے کے روٹس دے کریہاں پر فتح کے شادیانے بجائے جا رہے ہیں۔پاکستانی ایئرلائن کو بند کرکے یورپی ائیرلائن کو روٹس دینے والے کس کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں؟ غیرملکی شہریت رکھنے والے کس کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں؟ پیپلزپارٹی کے رہنماء سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف نے کہا کہ لاہور کا جلسہ تاریخی ہوگا، جلسے کے بعد احتجاجی مظاہرے شروع کیے جائیں گے،عوام مہنگائی اور بے روزگاری کی چکی میں پس گئے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close