پاکستان میں کورونا وائرس کی ویکسین مفت تقسیم ہو گی ، تاریخ بھی بتا دی گئی

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان میں کورونا ویکسین کی مفت فراہمی کی تاریخ دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت ڈاکٹر نوشین حامد نے کہاہے کہ 2021ء کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی ویکسین دستیاب ہوگی۔ٹوئٹر پر اپنے بیان میں نوشین حامد نے کہا کہ

2021ء کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی ویکسین دستیاب ہوگی ۔انہوں نے کہاکہ کورونا ویکسین کے حصول کیلئے ڈیڑھ سو ملین ڈالر مختص کیئے گئے ہیں۔ ڈاکٹر نوشین حامد نے کہاکہ کورونا کی دوسری لہر خطرناک ثابت ہوسکتی ہے اگر ہم نے احتیاط کا دامن نہ تھاما۔ ڈاکٹر نوشین حامد نے کہاکہ عوام سے گذارش ہے کہ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا سے 39 اموات ہوئیں جبکہ کورونا کے 3499 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔جس کے بعد اموات کی تعداد 8 ہزار 205 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 4 لاکھ 6 ہزار 810 ہوگئی۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں ایک لاکھ 21 ہزار 83، سندھ میں ایک لاکھ 77 ہزار 625، خیبر پختونخوا میں 47 ہزار 919، بلوچستان میں 17 ہزار 268، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 683، اسلام آباد میں 31 ہزار 165 جبکہ آزاد کشمیر میں 7 ہزار 67 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک بھر میں اب تک 56 لاکھ 27 ہزار 539 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 42 ہزار 904 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 46 ہزار 951 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 469 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close