بلوچستان (پی این آئی) آئل اینڈ گیس ڈیویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے بلوچستان میں گیس کے نئے ذخائر دریافت کر لیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ڈیویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ نے بطور آپریٹر لخردایکسپلوریشن لائسنس کے لخرد X-1 ایکسپلوریٹری کنوئیں سے گیس دریافت کر لی ہے جو بلوچستان کے
ضلع موسیٰ خیل میں واقع ہے۔کمپنی کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان کے مطابق آئل اینڈ گیس ڈیویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کی ان ہاؤس مہارت کو استعمال کرتے ہوئے لخرد X-1 کے اسٹرکچر کو ڈرلنگ کے بعد ٹیسٹ بھی کیا گیا۔ لاگ ڈیٹا کی بنیاد پر کنوئیں کو 3000 میٹر گہرا کھودا گیا اور مغل کوٹ فارمیشن سے 600 پاؤنڈ فی مربع انچ (PSI) کے بہاؤ والے دباؤ پر گیس کی 2.5MMSCFD شرح پر اور 18 بی پی ڈی پانی کی 32/64 شرح پر ٹیسٹ کیا گیا۔لخرد X-1 کی دریافت کمپنی کی ایکسپلوریشن حکمت عملی کے نتیجے میں ممکن ہو سکی۔ اس سے نئے ایونیو کا آغاز ہوا اور اس سے آئل اینڈ گیس ڈیویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) اور ملک کے ہائیڈروکاربن ریزروز میں اضافہ ہو گا۔ کمپنی کی یہ حکمت عملی دیسی وسائل کے استحصال کے ذریعہ ملک میں تیل اور گیس کی طلب اور رسد کے مابین پائے جانے والے فرق کو کم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگی۔یاد رہے کہ اس سے قبل ملک میں تیل کے نئے ذخائر بھی دریافت ہوئے تھے۔ رواں ماہ ہی پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ نے زیارت میں بلاک بولان سے تیل کا نیا ذخیرہ دریافت کیا۔ پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کے جاری اعلامیہ کے مطابق کمپنی نے زیارت میں بلاک بولان سے تیل کا نیا ذخیرہ دریافت کرلیا ، ابتدائی نتائج کے مطابق ذخیرے سے یومیہ 800 بیرل تیل نکلنے کی توقع تھی۔ جس سے متعلق ماہرین کا کہنا تھا کہ تیل کے اس نئے ذخیرے کی دریافت سے طلب کو پورا کرنے میں کچھ مدد ملے گی اور خام تیل کی درآمدات میں کمی سے ملکی درآمدی بل میں بھی کمی کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں