کراچی (پی این آئی) شہر قائد کے باسی موسم سرما کی پہلی بارش کیلئے تیار ہوجائیں، موسم کا حال بتانے والوں نے رواں ماہ کے چوتھے ہفتے کے دوران کراچی میں بارش ہونے کی نوید سنا دی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے اہلیان کراچی کو موسم سرما کی پہلی بارش کی نوید سنائی گئی ہے۔ ہفتے کے
روز جاری رپورٹ میں بتایا گیا کہ اگلے ہفتے کراچی میں بادل برسیں گے، یہ شہر قائد میں سردیوں کی پہلی بارش ہوگی۔رپورٹ کے مطابق کل 22 نومبرکو ملک میں مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل ہوگا۔ اس سلسلے کے باعث کراچی میں 23 تا 25 نومبر کو بارش ہونے کا امکان ہے۔ مغربی ہواؤں کے سسٹم کے سبب کراچی کے مضافاتی علاقوں میں ہلکی بارش اور دیگرعلاقوں میں بونداباندی متوقع ہے۔کراچی شہر پہلے ہی سائبیریا کی یخ بستہ ہواؤں کے زیر اثر ہے، جس کی وجہ سے شہر میں سردی کی شدت معمول سے زیادہ محسوس کی جا رہی ہے، جبکہ اگلے ہفتے بارش کے بعد کراچی کا موسم مزید سرد ہو جائے گا۔مزید بتایا گیا ہے کہ ناصرف کراچی، بلکہ ملک کے بیشتر علاقے اس وقت یخ بستہ ہواؤں کی زد میں ہیں۔ ان یخ بستہ ہواؤں کی وجہ سے ہی کراچی اور لاہور جیسے شہروں میں نومبر کے ماہ میں ہی کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی نیچے ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ جبکہ شمالی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ یہاں واضح رہے کہ ماہرین موسمیات کی پیشن گوئی کے مطابق رواں سال پاکستان میں موسم سرما کی شدت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ موسم سرما کے دوران معمول سے زیادہ بارشیں اور برفباری ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ رواں ماہ کے دوران خیبرپختونخواہ کے کچھ علاقوں میں شدید برفباری کا 20 سالہ ریکارڈ ٹوٹ جانے کے بعد ماہرین موسمیات کی پیشن گوئی درست ثابت ہو رہی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں