موسلادھار بارشوں کی پیشنگوئی کر دی گئی

مکہ معظمہ(پی این آئی ) سعودی عرب میں کئی ماہ کی شدید اور جھلسا دینے والی گرمی کے بعد اب موسم انتہائی خوشگوار ہوتا چلا جا رہا ہے۔ خصوصاً گزشتہ دو ہفتوں کے دوران بارش نے درجہ حرارت میں نمایاں کمی کر دی ہے۔سعودی عرب میں عمرہ کے لیے مقیم افراد کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ آج مکہ، مدینہ،

قطیف، حائل اورشمالی ریجن میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوگی۔اس کے علاوہ مشرقی ریجن بھی بارش ہو گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کہ گرد آلود ہواؤں بھی چلتی رہیں گی جس سے کئی علاقوں میں حدِ نظر محدود ہو جائے گی۔ آج کے روز سب سے زیادہ گرمی جازان، مکہ اور قنقذہ میں ہو گی ، جہاں درجہ حرارت 35 درجہ سینٹی گریڈ ہو گا۔ جبکہ سب سے کم گرمی عرعر کے علاقے میں پڑے گی۔آج بارش کے باعث کئی مقامات پر طغیانی بھی آ سکتی ہے۔محکمہ شہری دفاع کی جانب سے مقامی افراد اور تارکین سے کہا گیا ہے کہ بارش کے دوران وادیوں اور نشیبی علاقوں کا رُخ کرنے سے گریز کریں اور کسی بھی پکنک کی غرض سے نہ جائیں۔ کیونکہ نشیبی علاقوں میں پانی اکٹھا ہونے سے ڈرائیورز کو شدید مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں گزشتہ جمعرات کو نماز استسقاء پڑھی گئی۔ شاہی دیوان کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی طرف سے تاکید کی گئی ہے کہ ملک بھر میں جمعرات کے روز نماز استستقاء کا اہتمام کرتے ہوئے سنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو تازہ کیا جائے اور اللہ سے باران رحمت کے لیے دعائیں کی جائیں۔توبہ واستغفار ،ذکر اذکار،صدقات وخیرات، نوافل کا اہتمام، رجوع اللہ اور زیادہ سے زیادہ عبادت کی جائے تاکہ اللہ کی رحمت کے نزول کے دروازے کھل سکیں۔نماز استسقاء بارش کے حصول کے لیے ادا کی جاتی ہے ۔

close