کراچی(آئی این پی)پاکستان سپرلیگ فائیو کے بقیہ چار میچز میں شرکت کیلئے غیر ملکی کرکٹرز کی کراچی آمد کا سلسلہ تاحال جاری ہے، کراچی کنگز، لاہورقلندر، ملتان سلطان اور پشاور زلمی کے اب تک 10غیر ملکی کرکٹرز کراچی پہنچ چکے ہیں، ڈیرن سیمی (آج)منگل کو کراچی پہنچیں گے۔کراچی پہنچے والے غیر
ملکی کرکٹرز میں کراچی کنگز کے کیمرون ڈیلپورٹ، چیڈوک والٹن اور ایلکس ہیلز سمیت ملتان سلطان کے روی بوپارہ، رائلی روسوو، فیبئن ایلن، پشاور زلمی کے کارلوس بریتھ ویٹ، ثاقب محمود اور لاہور قلندرز کے سمیت پٹیل اور بین ڈنک شامل ہیں۔ملتان سلطان کے عمران طاہر، جیمز ونس اور کوچ اینڈی فلاور بھی پیر کی شام کراچی پہنچ گئے جبکہ پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ ڈیرین سیمی،بنگلادیش کے تمیم اقبال ،فاف ڈوپلیسی(آج)منگل کوکراچی آئیں گے۔ پی ایس ایل کے بقیہ میچز14نومبر سے17نومبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے بند دروازوں میں کھیلے جائیں گے۔لاہور قلندرز اور کراچی کنگز منگل کو پریکٹس سیشن کریں گے۔ذرائع کے مطابق پی ایس ایل ٹیمیں بڑے معرکے سے قبل آپس میں پریکٹس میچز بھی کھیلیں گی۔لاہور قلندرز کی ٹیم 11نومبر کو معین خان اکیڈمی میں اکیڈمی کی ٹیم سے میچ کھیلے گی۔لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز 12نومبر کو پریکٹس میچ کھیلیں گے جبکہ 11نومبر کو پشاور زلمی کا وارم اپ میچ شیڈول ہے۔دوسری جانب پاکستان سپر لیگ 5کے فائنل سمیت چار میچز کی میزبانی نیشنل اسٹیڈیم کراچی کرے گا، فول پروف سیکیورٹی کیلئے چار بم پروف بسیں کراچی پہنچا دی گئی، پیر سے ٹیمیں پریکٹس کا آغاز کریں گی۔ فائنل سمیت چار میچز کی سکیورٹی کا پلان حتمی مراحل میں داخل ہو گیا۔ تمام ٹیموں کوسخت سکیورٹی دی جائے گی۔ بم پروف بسیں نیشنل اسٹیڈیم پہنچا دی گئیں۔کورونا کے پیش نظر بسوں کو ہر موومنٹ سے پہلے اسپرے کیا جائے گا۔ ہوٹل میں ٹیم فلور پر کسی کو جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ ٹیسٹ مثبت آنے پر ٹیم فلور پر آئسولیشن کا انتظام ہوگا اور 21 غیر ملکی کھلاڑی ان ایکشن ہوں گے۔ پی ایس ایل کے بقیہ میچز14، 15اور17نومبر کو کھیلے جائیں گے۔ کراچی کنگز، ملتان سلطان، لاہورقلندرز اور پشاور زلمی ٹائٹل کی جنگ لڑیں گے۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں