لاہور (پی این آئی ) پی ایس ایل 5 کے پلے آف مرحلے میں قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم اب کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ کراچی کنگز فرنچائز ذرائع کے مطابق رواں ماہ کراچی میں ہونیوالے پی ایس ایل میچز کے دوران 24 ستمبر کو ہارٹ اٹیک کے باعث وفات پانیوالے سابق آسٹریلوی
کرکٹر ڈین جونز کا خلاء سوئنگ کے سلطان پر کریں گے۔اس سے قبل کراچی کنگز کے صدر اور بولنگ کوچ کی حیثیت سے کام کرنیوالے 54 سالہ وسیم اکرم اس بار ہیڈ کوچ کے فرائض سرانجام دینگے۔ واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے 5 ویں ایڈیشن کے بقیہ چار میچز میں 21 غیرملکی کھلاڑی شرکت کریںگے۔ ان 21 کھلاڑیوں میں جنوبی افریقہ کے فاف ڈوپلیسی کا نام سب سے نمایاں ہے، جو پہلی مرتبہ ایچ بی ایل پی ایس ایل میں شرکت کریں گے۔ایونٹ کے پلے آف میچز 14، 15 اور 17 نومبر کو کراچی میں کھیلے جائیںگے۔ ڈوپلیسی 255 انٹرنیشنل میچوں میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کرچکے ہیں۔فاف ڈوپلیسی نے اس سے قبل 2017ء میں آئی سی سی ورلڈالیون ٹیم کے کپتان کی حیثیت سے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ وہ اب اس ایونٹ میں پشاور زلمی کی نمائندگی کریں گے۔ انہیں نیشنل ڈیوٹی پر مصروف ویسٹ انڈیز کے کیرون پولارڈ کی جگہ سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ان کے علاوہ جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے کیمرون ڈیلپورٹ (کراچی کنگز) ، ڈین ویلاز ، ڈیوڈ ویزے (لاہور قلندرز) ، رائیلی روسو،عمران طاہر (ملتان سلطانز) اور ہارڈس ولیجوئن (پشاور زلمی) بھی لیگ کے بقیہ میچوں میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔ایلکس ہیلز (کراچی کنگز) اورجیمز ونس (ملتان سلطان) سمیت انگلینڈ کے چھ کرکٹرز نے بھی لیگ کے بقیہ میچوں میں شرکت کے لیے آمادگی ظاہر کردی ہے۔دیگر انگلش کرکٹرز میں سمت پٹیل (لاہور قلندرز)، ایڈم لیتھ، روی بوپارہ(ملتان سلطانز)اور لیام لیونگ سٹون (پشاور زلمی) شامل ہیں۔ویسٹ انڈیز کیچیڈوک والٹن اور روتھرفورڈان میچز میں کراچی کنگز جبکہ کارلو س بریتھ ویٹ اور ڈیرن سیمی پشاور زلمی کی نمائندگی کریں گے۔روتھر فورڈ کو کرس جارڈن کی جگہ سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ بنگلہ دیش کے تمیم اقبال(لاہور قلندرز)اور محمود اللہ (ملتان سلطانز) جب کہ آسٹریلیا کے بین ڈنک (لاہور قلندرز) اور نیوزی لینڈ کے مچل میکلینگھن (کراچی کنگز) بھی ان بقیہ میچوں میں شرکت کریں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں