پوری دنیا کے مسلمانوں کیلئے بڑی خوشخبری، دنیا بھر کے مسلمان اب عمرہ کی سعادت حاصل کر سکتے ہیں

مکہ مکرمہ(پی این آئی) کورونا وبا کی وجہ سے کئی ماہ تک عمرہ ادا کرنے پابندی عائد رہی، گزشتہ ماہ سعودی حکومت نے پہلے اور دوسرے مرحلے کے تحت عمرہ کی ادائیگی کی اجازت دی تھی جو مملکت میں مقیم تارکین اور مقامی افراد تک محدود تھی۔ تاہم اب کل یکم نومبر سے تیسرے مرحلے کے تحت مختلف

ممالک سے عمرہ زائرین کو بھی سعودی عرب آنے کی اجازت ہو گی۔تیسرے مرحلے میں مسجد الحرام میں روزانہ 20 ہزار افراد عمرہ کی سعادت حاصل کرسکیں گے ۔ 20 ہزار افراد کو باجماعت نماز ادا کرنے کی اجازت ہو گی جبکہ ساڑھے 19 ہزار افراد زیارت کر سکیں گے۔ وزارت حج و عمرہ کے ایک سینیئر عہدے دار نے بتایا ہے کہ دیگر ممالک سے آنے والے تمام زائرین کے لیے انتظامات مکمل ہو چکے ہیں ۔دیگر ممالک کے زائرین السعودیہ ایئر لائنز کے ذریعے بھی آ سکیں عمرہ زائرین کو سرحدی چوکیوں، سمندری بندرگاہوں اور ایئرپورٹس کے ذریعے مملکت داخلے کی اجازت ہو گی، جنہیں مملکت میں پہنچتے ساتھ ہی خصوصی بسوں کے ذریعے مسجد الحرام اور مسجد نبوی پہنچایا جائے گا۔تمام عمرہ زائرین کو حرم شریف کے ارد گرد واقع تھری اور فائیو سٹار ہوٹلوں میں رہائش دی جائے گی۔ ہر عمرہ زائر کے لیے مملکت آمد کے فورا ً بعد تین روز آئسولیشن میں رہنا لازمی ہو گا۔ جس کے بعد کورونا سے محفوظ ہونے کی رپورٹ پر انہیں حفاظتی تدابیر کے ساتھ عمرہ کرایا جائے گا۔ وزارت حج کا کہنا ہے کہ غیر متعلقہ مسافروں کی چھان بین کے لیے مسجد الحرام کے آس پاس 12 چیک پوائنٹس بنائے گئے ہیں جہاں عمرہ زائرین اور نمازیوں کے اجازت نامے چیک کیے جا رہے ہیں، اس کے علاوہ ان کی حرم مکی کے آس پاس کے ہوٹلوں میں بکنگ کی بھی چیکنگ ہو گی۔تاکہ مجاز عمرہ زائرین کے علاوہ کوئی غیر متعلقہ شخص عمرہ یا نماز کی غرض سے حرم مکی میں داخل نہ ہو پائے۔جن عمرہ زائرین کی ہوٹلز میں بکنگ نہیں ہو گی، انہیں مخصوص پارکنگ میں بھیج جائے گا جہاں سے بسیں انہیں متعلقہ اسٹیشنز تک پہنچا دیں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close