عوام پر مہنگائی کا بم گرا دیا گیا، ایل پی جی کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

لاہور (پی این آئی) حکومت نے گھریلو اور کمرشل صارفین کے لیے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے گھریلو اور کمرشل صارفین کے لیے ایل پی جی کی قیمت میں 9.66 روپے فی کلو کے اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا۔ اوگرا کی جانب سے

جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 1530.34 روپے جبکہ کمرشل صارفین کے لئے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 114.05 روپے اضافہ ہوا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل وزارت خزانہ نے اوگرا کی سفارش پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلامیہ جاری کردیا ہے۔ وزارت خزانہ نے اوگرا کی سمری پر پٹرول کی قیمت میں ایک روپے 57 پیسے فی لیٹر کمی کردی گئی ہے۔ کمی کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 102 روپے40 پیسے فی لیٹر مقررکردی گئی ہے۔اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر84 پیسے کمی کردی گئی ہے۔ڈیزل کی نئی قیمت 103روپے 32 پیسے مقرر کردی گئی ہے۔ تاہم مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی موجودہ قیمتیں برقراررہیں گی۔ لائٹ ڈیزل کی قیمت 62 روپے86 پیسے فی لیٹراور مٹی کے تیل کی قیمت 65 روپے 29 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی۔ نوٹیفکیشن کے تحت پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12بجے سے ہوگا۔ اس سے قبل فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حکومت سے مطالبہ بھی کیا تھا کہ صنعت اور تجارت کو سہارا دینے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات پر لگنے والے محصولات اور ٹیکسوں کے تناسب کو کم کیا جائے کیونکہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات پر اب تک کے ریکارڈ سے زائد پیٹرولیم محصول اور جی ایس ٹی وصول کررہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close