ن لیگی لیڈر نے چیئرمین نیب کی ویڈیو کا ذکر کر دیا، چیئرمین ویڈیو کی وجہ سے یرغمال بن کر پوری حزب اختلاف کوجیل بھیجنے کیلیے تیار ہیں

لاہور( این این آئی)مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ملک بغیر پالیسیوں کے چل رہا ہے، حکومت کی پالیسی صرف حزب اختلاف کو گرفتار کرنا ہے،گوجرانوالہ میں ہمارا جلسہ کامیاب ہو گا ،عوام حکومت کے خلاف جلسے میں شرکت کریں،حکومت نے ڈھائی سال میں کوئی ایسا کام نہیں کیا جس پر

داد دی جا سکے۔انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی صرف ایک ہی پالیسی ہے اور وہ ہے قومی احتساب بیورو کو حزب اختلاف کے خلاف استعمال کرنا، نیب پوری حزب اختلاف کو جیل میں ڈالنے کی کوشش میں ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب سے جلسے کی بات ہوئی حکومت کانپنے لگی ہے،گرفتاریوں سے تحریکیں ختم نہیں ہوتیں بلکہ زور پکڑتی ہیں ،عوام موجودہ حکومت سے مایوس ہو چکے ہیںاور ہر شخص اس سے تنگ ہے،اس وقت ملک میں کوئی گورننس نہیں ہے بلکہ ایک ٹولہ بیٹھا ہوا ہے، حکومت میں شامل مافیا کی ڈکیتیاں دو چار ارب نہیں بلکہ کئی سو ارب روپے کی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے نیب کے چیئرمین کو ویڈیو کیس میں یرغمال بنایا ہوا ہے اور وہ جیل کے خوف سے پوری حزب اختلاف جو جیل بھیجنے کے لیے تیار ہیں۔عمران خان اور شہزاد اکبر وزیر اعظم ہائوس میں بیٹھ کر حزب اختلاف کے خلاف منصوبہ بندی کرتے ہیں کہ اب کس کو جیل بھیجنا ہے۔انہوںنے کہا کہ 16 اکتوبر کو پی ڈی ایم کا جلسہ عوامی رائے کا مظہر ہوگا، عوام اس جلسے میں شرکت کے ثابت کریں گے کہ وہ نااہل حکومت اور اس کی پالیسوں سے تنگ ہیں۔ انہوںنے کہا کہ گوجرانوالہ جلسہ کی اجازت مل گئی ہے او راین او سی جاری کردیا گیا ہے ،اب اجازت ملنے کے بعد کارکنوں کی گرفتاریوںکا کوئی جواز نہیں ،ہمارا جلسہ اور احتجاج پرامن ہوگا ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں