تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات ہوں گی یا نہیں؟ فیصلہ کر لیا گیا

لاہور(آئی این پی)پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس نے اعلان کیا ہے کہ رواں برس کورونا وائرس وبا کی وجہ سے پہلے ہی تعلیم کا خاصہ نقصان ہوچکا ہے اس لیے صوبے کے اسکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات نہیں ہوں گی۔ وزیر تعلیم مراد راس قائداعظم اکیڈمی فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب

کررہے تھے۔مراد راس نے کہا کہ تعلیمی ادارے 6 ماہ کی بندش کے بعد 15 ستمبر سے مرحلہ وار کھولے گئے تھے اور فیصلہ کیا گیا کہ رواں برس اسموگ کی وجہ سے تعطیلات نہیں ہوں گی۔انہوں نے صوبے میں طلبہ کے تعلیمی ہرج کو دور کرنے کے لیے ‘انصاف اکیڈمی’ شروع کرنے کا بھی اعلان کیا جہاں سے طلبہ گھر میں بیٹھ کر لیکچر لے سکیں گے اور ٹیسٹ دیں سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں متعدد نجی اکیڈمیز کام کررہی ہیں لیکن وہ بھاری فیسز لے رہی ہیں اور انہیں ایسی بہت سی رپورٹس ملی ہیں کہ اساتذہ نے والدین کو ہدایت کی ہے کہ سیلیبس مکمل کروانے کے لیے اپنے بچوں کو ان نجی اکیڈمیز میں داخل کروائیں۔وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ والدین نے ان سے رابطہ کر کے شکایت کی ہے کہ وہ اسکولوں اور اکیڈمیز کی فیسیں ادا نہیں کرسکتے۔انہوں نے بتایا کہ ‘اساتذہ کے ساتھ تفصیلی بات چیت کے بعد حکومت نے انصاف اکیڈمیز متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے جہاں بہترین اساتذہ نویں سے 12ویں جماعت تک کے طلبہ کو 5 مضامین میں لیکچرز دیں گے۔انہوں نے کہا کہ طلبہ کلاسز لیتے ہوئے مقرر وقت میں کرنے والے آن لائن ٹیسٹ بھی دیں گے جبکہ والدین بھی اپنے بچوں کی کارکردگی دیکھ سکیں گے۔وزیر تعلیم کا مزید کہنا تھا کہ انصاف اکیڈمیز کا مواد اسکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی ویب سائٹ پر میسر ہوگا اور طلبہ وہاں لاگ اِن ہو کر کسی بھی مضمون سے متعلق لیکچرز اور معلومات حاصل کرسکیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سرکاری اساتذہ پر نجی اکیڈمیز قائم کرنے یا اس میں شمولیت اختیار کرنے پر پابندی لگانے کا سوچ رہی ہے۔انہوں نے اسکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کو اسکولوں کے باہر بینر آویزاں کرنے کی بھی ہدایت کی جن پر جلی حروف میں لکھا ہو تھا کہ بغیر ماسک کے داخل نہیں ہوسکتے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں