لندن(پی این آئی )سابق وزیراعظم اورپاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف نے اپنی جماعت کے رہنماؤں کو عسکری قیادت کے ساتھ خفیہ ملاقات کرنے سے روک دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر اپنے ایک ٹویٹ میں میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ حالیہ واقعات سے ایک بار پھر
ثابت ہوتا ہے کہ کس طرح بعض ملاقاتیں سات پردوں میں چھپی رہتی اور کس طرح بعض کی تشہیر کرکے مرضی کے معنی پہنائے جاتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ کھیل اب بند ہوجانا چاہئے، آج میں اپنی جماعت کو ہدایات جاری کررہا ہوں کہ آئین پاکستان کے تقاضوں اور خودمسلح افواج کواپنے حلف کی پاسداری یاد کرانے کے لیے آئندہ ہماری جماعت کا کوئی رکن،انفرادی،جماعتی یا ذاتی سطح پر عسکری اور متعلقہ ایجنسیوں کے نمائندوں سے ملاقات نہیں کرے گا۔نواز شریف نے مزید کہا کہ قومی دفاع اور آئینی تقاضوں کے لیے ضروری ہوا تو جماعتی قیادت کی منظوری کے ساتھ ایسی ہر ملاقات اعلانیہ ہوگی اور اسے خفیہ نہیں رکھا جائے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار نے بتا یا تھا کہ محمد زبیر آرمی چیف سے دو ملاقاتیں کر چکے ہیں جو کہ ان کی درخواست پر کی گئی تھیں ۔انہوں نے بتا یا تھا کہ ملاقاتیں مریم نواز اور نواز شریف سے متعلق تھیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں