نواز شریف کی اے پی سی میں شرکت ، بلاول زرداری کی دعوت قبول کر لی گئی

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان مسلم لیگ کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور انہیں آل پارٹیز کانفرنس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی دعوت دے دی۔مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر مشاہد اللہ خان کے مطابق نواز شریف نے بلاول بھٹو کی دعوت قبل کر لی ہے۔جمعے کو ٹوئٹر پر ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ انہوں نے

میاں نواز شریف سے فون پر رابطہ کیا اور ان سے ان کی خیریت پوچھی۔بلاول کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے نواز شریف کو ویڈیو لنک کے ذریعے پی پی پی کے زیر اہتمام 20 ستمبر کو منعقد ہونے والی اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی میں شرکت کی بھی دعوت دے دی۔ پاکستان مسلم لیگ کے رہنما سینیٹر مشاہد اللہ خان نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ نواز شریف ویڈیو لنک کے ذریعے پی پی پی کی اے پی سی میں شرکت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں اے پی سی میں حکومت کے خلاف اپنا لائحہ عمل ترتیب دیں گے۔ لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ’یہ ایک مسلط شدہ حکومت ہے اور اس کے خلاف اپوزیشن کو مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دینا ہوگا۔‘دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر مصدق ملک نے بھی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ نواز شریف اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس میں آن لائن شرکت کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ بلاول کی دعوت پر نواز شریف نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ نہ صرف آن لائن شرکت کریں گے بلکہ خطاب بھی کریں گے۔دوسری جانب مریم نواز نے والد سے رابطہ کرنے اور خیریت دریافت کرنے پر بلاول بھٹو زرداری کا شکریہ اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ پیپلزپارٹی نے اپوزیشن جماعتوں کی پی سی 20 ستمبر کو اسلام آباد کو بلانے کا اعلان کیا ہے جس میں حکومت کے خلاف لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا۔اے پی سی میں اپوزیشن کی بڑی جماعتوں کی اعلیٰ قیادت کی شرکت کا امکان ہے۔ خیال رہے میاں نواز شریف ان دنوں علاج کے لیے لندن میں ہیں۔15 ستمبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ سٹیل ریفرنس میں نواز شریف کی حاضری سے استثنا کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دی تھی۔نواز شریف کی گرفتاری نہ ہونے کی صورت میں عدالت مفرور قرار دینے کے حوالے سے کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔بلاول بھٹو زرداری ان دنوں موجودہ حکومت کے خلاف خاصے سرگرم ہیں اور پارلیمنٹ میں اور پارلیمنٹ کے باہر حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔خیال رہے بدھ کو اسمبلی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن پر حکومت کو بلیک میل کرنے کی کوشش کا الزام عائد کیا تھا۔ وزیر اعظم نے کہا تھا کہ اپوزیشن فیٹف کے حوالے سے قانون سازی پر جس طرح کے رویے کا مظاہرہ کیا اس سے ثابت ہوا کہ اپوزیشن اور پاکستان کے مفادات متصادم ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close