کراچی(پی این آئی):فیس میں 20 فیصد رعایت نہ دینے والے اسکولوں کے خلاف کیا کارروائی کی جائے؟ بڑی عدالت نے بڑا حکم جاری کر دیا، سندھ ہائی کورٹ نے فیسوں میں 20 فیصد رعایت نہ دینے والے نجی اسکولوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔نجی اسکولوں میں فیسوں میں رعایت سے متعلق سندھ ہائی
کورٹ میں درخواست کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت ڈی جی پرائیوٹ اسکول نے فیسوں میں کمی نہ کرنے والے اسکولوں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کروائی جبکہ سندھ حکومت کی جانب بھی 20 فیصد رعایت پر کوئی اعتراض نہیں کیا گیا۔عدالت نے تمام فریقین کی رضامندی کے بعد درخواست نمٹا دی۔ عدالت نے اسکول فیس میں 20 فیصد رعایت نہ دینے والے اسکولوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔ ساتھ ہی عدالت نے ہدایت دی ہے کہ ڈی جی پرائیوٹ اسکول 20 فیصد رعایت کے قانون پر عمل درآمد کرائیں۔عدالت نے یہ بھی حکم دیا ہے کہ والدین فیس میں رعایت نہ دینے والے اسکولوں کے خلاف شکایت درج کروائیں۔ شکایات موصول ہونے پر ڈی جی پرائیوٹ اسکولوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کریں، ڈی جی پرائیویٹ اسکول عدالتی حکم پر سختی سے عمل درآمد کرائیں اور عدالتی حکم پر عمل درآمد کی 20 دن میں رپورٹ پیش کی جائے۔واضح رہے کہ درخواست سماجی تنظیم کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں