پاکستان ہر چیلنج سے نمٹنے کیلئے تیار ہے، جے ایف17 تھنڈر کے ڈوئیل سیٹ ورژن اور بلاک 3 طیارہ پاک فضائیہ کے بیڑے میں شامل کرلیا گیا

اسلام آباد (پی این آئی) جے ایف17 تھنڈر کے ڈوئیل سیٹ ورژن اور بلاک3 طیارہ پاک فضائیہ کے بیڑے میں شامل کرلیا گیا ہے۔ پاک فضائیہ کے سربراہ مجاہد انور خان نے کہا ہے کہ پاکستان ایئر فورس اپنی مادر وطن کی خودمختاری کو درپیش کسی بھی خطرے کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان

نے پاکستان ایئر فورس کی آپریشنل ایئربیس کا دورہ کیا اور پاکستان کے فضائی بیڑے میں شامل کیے گئے جے ایف 17 ڈوئیل سیٹ جہاز کی ٹریننگ کی۔ایئر چیف مارشل آپریشنل ایئربیس پہنچے تو ایئر آفیسر کمانڈنگ اور بیس کمانڈر نے ان کا استقبال کیا۔اکستان ایئر فورس کے چیف آف ایئر اسٹاف مجاہد انور خان خود بھی ایف 16 کے پائلٹ ہیں اور انہوں نے دورے کے دوران جے ایف 17 تھنڈر ڈوئیل سیٹ ایئر کرافٹ کے آپریشنل ٹریننگ مشن میں حصہ لیا۔پاک فضائیہ کے سربراہ نے مقامی سطح پر تیار کیے گئے ڈوئیل سیٹ ایئر کرافٹ کی آپریشنل صلاحیتوں کا خود جائزہ لیا۔ایئر چیف نے فضائی اور زمینی عملے سے رابطہ کرتے ہوئے ان کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا کہ جے ایف تھنڈر کے ڈوئیل سیٹ ورژن اور بلاک 3 طیارے کی پاک فضائیہ کے بیڑے میں شمولیت سے پاکستان ایئر فورس کو جدت برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔ پاک فضائیہ کا عملہ پاک فضائیہ کے بہادر جنگجوؤں کی میراث کے قابل فخر محافظ ہیں اور اس کا وہ گزشتہ سال مظاہرہ بھی کر چکے ہیں۔خیال رہے کہ رہے کہ پاکستان ائیر فورس (پی اے ایف) اور چین کی شراکت سے تیار کردہ دو سیٹ والے جے ایف 17 بی تھنڈر نے اپریل 2017 میں چین میں اپنی پہلی کامیاب آزمائشی پرواز کی تھی۔ چین کے ٹیکنیشنز کی مدد سے پاکستان میں تیار کئے جانے والے جے ایف 17 تھنڈر کم وزن ملٹی رول طیارے ہیں جو کہ آواز کی رفتار سے دوگنا زیادہ رفتار سے 55000 فٹ کی بلندی تک پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ان طیاروں کی تیاری کا آغاز 1999 میں ہوا تھا اور اس کی پہلی آزمائشی 2003 میں کی گئی تھی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستانی جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کی خریداری میں دیگر ممالک کی دلچسپی کی بنیادی وجہ اس کی قیمت ہے جو کہ امریکی ایف 16 سے 16 سے 18 لاکھ ڈالر کم ہے۔ جے ایف 17 تھنڈر بلاک ٹو طیارے فضا میں ری فیولنگ، ڈیٹا لنک، توسیعی الیکٹرانک وارفیئر اور زیادہ وزن اٹھانے کی صلاحیت کے حامل ہیں۔دوسری جانب پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ بھارت کی اسلحہ خریداری اس کی جارحانہ عزائم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔پاکستان ہندوستان کے مذموم اداروں سے مکمل آگا ہ ہے، جنگیں صرف اسلحے کے زور پر نہیں جیتی جاتیں۔ انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ پاکستان کیخلاف 3محاذ کھولنے کا بھارت کا خواب پورا نہیں ہوگا، بھارت نے فرانس سے 5 رافیل طیارے خریدے ہیں، بھارت 500رافیل طیارے بھی خرید لے، ہم تیار ہیں، ہم محدود وسائل میں بھارت کا مقابلہ کریں گے۔ بھارت رافیل لے آئے یا ایس 400 ہم دفاع کرنے کیلئے تیار ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں