وزیراعظم عمران خان نے پی آئی اے کو پاکستان کی طویل ترین خصوصی پروازین چلانے کا حکم جاری کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان نے سیاحوں کی سہولت کیلئے اسکردو کیلئے پروازیں چلانے کی اجازت دے دی،جس کے تحت کراچی سے اسکردو کیلئے ہفتہ وار 2 پروازیں چلائی جائیں گی،پروازوں سے کراچی سے سیاح اور گلگت بلتستان سے شہری براہ راست اسکردو پہنچ سکیں گے۔تفصیلات کے مطابق

وزیراعظم عمران خان نے کراچی سے اسکردو کیلئے پروازیں چلانے کی ہدایت کردی ہے۔جس پر چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے نے سیلز مینجرز کو روٹ ممکن بنانے کی ہدایت کردی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پرکراچی سے اسکردو کیلئے ہفتہ وار 2 پروازیں آپریٹ ہوں گی۔کراچی سے سیاح اور گلگت بلتستان سے شہری براہ راست اسکردو پہنچ سکیں گے۔ اس سے قبل قومی رابطہ کمیٹی کے لاک ڈاؤن ختم کرکے کاروبار سرگرمیاں بحال کرنے کے فیصلے کے بعد ملک کے مزید 8 ہوائی اڈے کھولنے کی اجازت دی گئی تھی۔سینئر جوائنٹ سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن و ترجمان عبدالستار کھوکھر نے باضابطہ اعلان کیا تھا کہ حکومت نے اندرون ملک فلائٹ آپریشن بحال کرنے کی اجازت دے دی ہے، اس کے ساتھ ہی حکومت نے ملک کے مزید 8 ہوائی اڈے کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔ان آٹھ ایئر پورٹس میں ہوائی اڈوں میں تربت، پنجگور، دالبندین، ڑوپ، پسنی، موہنجوداڑو، نوابشاہ اور بہاولپور شامل ہیں۔ہوائی اڈوں کو رات12 بجے کے بعد پروازوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔ہوائی اڈوں سے کارگو، اسپیشل فلائٹس اور نجی پروازیں بھی آپریٹ ہوسکیں گی۔ یاد رہے لاک ڈاؤن ختم ہونے کے ساتھ سیاحتی سرگرمیاں بحال کرنے سے متعلق ایس اوپیز بھی جاری کردیے گئے ہیں۔ پارکس، میوزیم، اور دیگر سیاحتی مقامات پر سینیٹائزیشن ،ماسک پہننے، کسی چیز کو چھونے سے گریز کا خیال رکھا جائے، آن لائن ٹکٹ اور بکنگ کو ترجیح دی جائے، چھوٹے بچے ، بزرگ اور حاملہ خواتین گھر پر ہی رہیں، سیرگاہ پرصرف 60 فیصد لوگوں کو داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں