اسلام آباد(پی این آئی) وزیراعظم عمران خان نے 14 اگست کو سید علی گیلانی کو نشانِ پاکستان دینے کا اعلان کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ایوان بالا نے سید علی شاہ گیلانی کی مقبوضہ کشمیر کے عوام کے لئے حق خود ارادیت کے لئے خدمات کے اعتراف میں پاکستان کے سب سے بڑے سول اعزاز ’نشان پاکستان‘ سے نوازنے
اور پاکستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجیز کو ان کے نام سے موسوم کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی تھی۔اور آج وزیراعظم نے اعلان کیا ہے کہ 14 اگست کو سید علی گیلانی کو نشانِ پاکستان دیا جائے گا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 14 اگست کو سید علی گیلانی کو نشان پاکستان دیں گے۔واضح رہے کہ پیر کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران سینیٹر سراج الحق نے قرارداد پیش کی کہ ایوان بھارتی مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے حق خودارادیت کے لئے سید علی شاہ گیلانی کی بے لوث اور گرانقدر قربانیوں کو سراہتے ہوئے ان کے غیر متزلزل عزم، حوصلے، استقلال اور قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، بھاری مظالم اور ظالمانہ اقدامات کو بے نقاب کرنے میں ان کے کردار کو تسلیم کرتے ہوئے اور 90 سال کی عمر میں نازک طبی حالت میں ان کے گھر پر بلا جواز مسلسل نظربندی پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتا ہے کہ اسلام آباد میں وزیراعظم ہائوس کے قریب بننے والی مجوزہ پاکستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجی کو سید علی شاہ گیلانی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجی کے نام سے موسوم کیا جائے۔قرارداد میں مزید کہا گیا کہ سید علی شاہ گیلانی کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل اور بین الاقوامی قانون میں تسلیم شدہ حق خود ارادیت کے حصول کے لئے ان کی طویل خدمات اور قربانیوں کی بناء پر پاکستان کے سب سے بڑے سول ایوارڈ ’نشان پاکستان‘ سے نوازا جائے۔ سید علی شاہ گیلانی کی زندگی اور جدوجہد کو وفاقی اور صوبائی سطح پر تعلیمی نصاب میں شامل کیا جائے اور سید علی شاہ گیلانی کو ان کے پسند کے مقام پر دستیاب بہترین طبی علاج کی فراہمی کے لئے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑا جائے۔ ایوان نے متفقہ طور پر یہ قرارداد منظور کر لی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں