حمزہ علی عباسی اور نیمل خاور کے گھر میں ننھے مہمان کی آمد، اللہ نے مجھے اور نیمل کو بیٹے محمد مصطفیٰ عباسی کی نعمت سے نوازا ہے، ٹویٹر پر پیغام

کراچی(پی این آئی)شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی جوڑی حمزہ علی عباسی اور نیمل خاور عباسی کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔حمزہ علی عباسی نے اپنے گھر آئے ننھے مہمان کی خوشخبری مداحوں کو اپنے ایک سوشل میڈیا پیغام میں رات گئے سنائی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر حمزہ علی

عباسی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ ’اللہ نے مجھے اور نیمل کو بیٹے محمد مصطفیٰ عباسی کی نعمت سے نوازا ہے۔‘انہوں نے لکھا کہ ’میری دعا ہے کہ میرا بیٹا اللّہ کا شکر گزار بندہ، ایک اچھا، شائستہ اور ایماندار انسان بنے اور اللّہ اس کی زندگی اور آخرت میں برکت عطا کرے۔‘اپنے پیغام کے آخر میں حمزہ نے مداحوں سے دعاؤں کی درخواست بھی کی۔دوسری جانب حمزہ علی عباسی کی اہلیہ نیمل خاور عباسی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بچے کا ہاتھ تھامے ایک تصویر شیئر کی اور ساتھ ’محبت کی سب سے خالص شکل‘ لکھا۔یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ حمزہ کے ہاں ننھے مہمان کی آمد 30 جولائی کو ہوئی لیکن جوڑی کی جانب سے اس خبر کو خفیہ رکھا گیا اور 3 اگست کو اسے منظر عام پر لایا گیا۔واضح رہے کہ حمزہ اور نیمل گزشتہ سال 25 اگست کو اسلام آباد میں منعقد کی گئی ایک سادہ سی تقریب میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔شادی میں دونوں نے مہندی اور ڈھولکی جیسی فرسودہ رسومات منانے سے انکار کیا تھا ،اس لیے نکاح کی تقریب ہی سادہ اور پرتکلف تھی۔ جوڑے نے شادی کا سادہ لباس زیب تن کیا تھا۔شادی سے پہلے حمزہ اور نیمل پاکستان شوبز انڈسٹری میں ایک نمایاں مقام رکھتے تھے لیکن دونوں نے ہی شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرلی ہے۔نیمل نےشعیب ملک کی فلم ’ورنہ‘ سے شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا تھا، حمزہ علی عباسی بھی پاکستانی ٹی وی اور فلم انڈسٹری میں کامیاب پراجیکٹس کا حصہ بن چکے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close