مختلف موسموں میں کورونا وائرس کا مختلف برتائو، ایک اور خطرناک لہر آنیوالی ہے، عالمی ادارہ صحت نے خبردار کر دیا

جنیوا (پی این آئی) کورونا وائرس ایک بہت بڑی لہر بننے جارہا ہے. عالمی ادارہ صحت نے خبردار کردیا، جینیوا میں ورچوئل بریفنگ کے دوران عالمی ادارہ صحت کی رکن مارگریٹ ہیریس کا کہنا تھا لوگ تاحال موسموں کے بارے میں سوچ رہے ہیں لیکن ہم سب کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ یہ نیا وائرس ہے اور

یہ مختلف طرح سے برتاؤ کر رہا ہے۔مارگریٹ ہیرس نے وائرس کی سست منتقلی کے اقدامات پر زور دیا اور کہا کہ یہ لوگوں کے بڑے اجتماعات کے ذریعے پھیل رہا ہے۔ انہوں نے وائرس کی لہروں سے متعلق سوچنے سے بھی خبردار کیا اور کہا کہ یہ ایک بہت بڑی لہر بننے جارہا ہے، یہ لہر بہت اتار چڑھاؤ دیکھے گی، بہترین چیز یہی ہے کہ اس کا خاتمہ کردیا جائے۔ واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد بھی چھ لاکھ 52 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔جبکہ کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 57 ہزار 39 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی امریکہ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 42 لاکھ 86 ہزار 663 ہوگئی ہے۔امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید 679 ہلاکتیں ہوئی ہیں جس کے بعد اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ 47 ہزار 588 ہوگئی ہے۔کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کو روکنے کے لیے یورپی حکومتوں کو بہت زیادہ مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ وہ کورونا سے بری طرح متاثر معیشت کو سہارا دینے کے لیے سیاحت کی صنعت کو کھولنے کی کوشش کر رہے ہیں۔دنیا بھر میں کورونا کے کیسز میں اضافے کے باوجود عالمی ادارہ صحت نے سرحدوں کی مکمل بندش کی مخالفت کی ہے۔عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر ایمرجنسیز مائیکل رائن کے مطابق ’ یہ کوئی ضروری اور دنیا کی معیشت، غریبوں اور کسی کے لیے بھی مناسب حکمت عملی نہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں