کراچی(پی این آئی)بااثر افراد کی بجلی چوری پر کارروائی کریں تو سندھ حکومت رکاوٹیں ڈالتی ہے، بجلی نہ تو مفت بنتی ہے، نہ ہی مفت تقسیم کی جاسکتی ہے، وزارت توانائی کا ترجمان سندھ حکومت کے خلاف پھٹ پڑا، ترجمان وزارتِ توانائی نے سندھ کے وزیرِ توانائی کے بیان پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ
سندھ حکومت نے مشترکہ ملکی مفادات کو سیاست کی نظر کیا، بجلی نہ تو مفت بنتی ہے اور نہ ہی مفت تقسیم کی جاسکتی ہے۔ترجمان نے کہا کہ سندھ حکومت نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو کبھی تعاون فراہم نہیں کیا، سندھ حکومت کی طرف سے بجلی چوروں کے خلاف کوئی تعاون دستیاب نہیں، سندھ حکومت بااثر افراد کے خلاف اور بجلی چوری کے خلاف کارروائیوں پر روکتی رہی۔ ترجمان نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے بااثر افراد کی پشت پناہی کی، بجلی چوری کے نقصانات کی بنیاد پر ہی لوڈ مینجمنٹ کی جاتی ہے، لوڈ مینجمنٹ میں کسی علاقے، رنگ، نسل یا قومیت کا کوئی عمل دخل نہیں، ہمارے سسٹم میں وافر مقدار میں بجلی موجود ہے۔ ترجمان نے کہا کہ آج بھی ہم دعوت دیتے ہیں بجلی چوری ختم کریں اور بلا تعطل بجلی حاصل کریں، ایسے علاقوں میں لوڈ منیجمنٹ کے خلاف سیاسی بیان بازی سے وزیر توانائی سندھ عوام کو دھوکا نہیں دے سکتے۔انھوں نے کہا کہ حیسکو اور سیپکو کے بورڈز پر سندھ حکومت کے عہدیدار موجود ہیں، لوڈمنیجمنٹ کی پالیسی اور دیگر امور بورڈز کی واضح منظوری سے طے ہوتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں