کراچی (پی این آئی) سندھ میں کورونا کے 1089نئے کیسز رپورٹ، متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 1لاکھ6ہزار622ہوگئی، صوبے میں کورونا کی وجہ سے مزید 31مریض جاں بحق، اموات کی تعداد 1826ہوگئی۔ صوبے میں گزشتہ روز 8ہزار929ٹیسٹ کیے گئے تھے جن میں 1089ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
سندھ میں 2ماہ کے دوران کورونا کے سب سے کم یومیہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال میں کچھ حد تک بہتری آرہی ہے اور کیسز اور اموات کی تعداد میں کمی دیکھی گئی ہے۔ ملک میں مجموعی طور پر مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 52 ہزار 714 تک پہنچ چکی ہے جبکہ 5 ہزار 297 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں پیر کی صبح تک 1709نئے کیسز اور 40 اموات کا اضافہ دیکھا گیا جبکہ 5 ہزار 217 افراد صحتیاب ہوگئے، تاہم 28 کیسز بلوچستان کے گزشتہ روز کے اعداد و شمار آج سامنے آئے تو یوں کیسز میں 1737کا اضافہ ریکارڈ ہوا۔ملک میں کورونا وائرس کے کیسز اور اموات کی تعداد میں کمی دیکھی گئی ہے یومیہ 5 سے 6 ہزار تک آنے والے کیسز اب 2 سے 3 ہزار تک پہنچ گئے ہیں جبکہ یومیہ 100 سے زائد اموات بھی کم ہوکر 2 ہندسوں پر آگئی ہیں۔ ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ دیگر صوبوں میں کورونا ٹیسٹنگ کی صلاحیت سندھ سے کم ہے اس لئے وہاں کیسز بھی کم رپورٹ ہورہے ہیں۔کورونا وائرس کی صورتحال پر اپنی ٹویٹ میں مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے پوری تندہی سے کام کررہی ہے، سندھ حکومت کی کورونا ٹیسٹنگ کی صلاحیت پاکستان کے دیگر صوبوں سے بہت زیادہ ہے۔ پاکستان کے دیگر صوبوں میں کورونا ٹیسٹنگ کی صلاحیت سندھ سے کم ہے۔ سندھ میں فی 10 لاکھ شہریوں میں سے اوسطاً 12 ہزار 4 ٹیسٹ کیے گئے جو سب سے بڑی تعداد ہے جب کہ پنجاب میں فی 10 لاکھ آبادی میں 5427، خیبرپختونخوا میں 4952 اور بلوچستان میں 4348 ٹیسٹ ہوئے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں