کراچی (پی این آئی) سندھ حکومت نے ایڈہاک اور کنٹریکٹ ملازمین کیلئے ریلیف الاؤنس کا اعلان کردیا، جس کے تحت گریڈ ایک سے 16 تک کے ملازمین کی تنخواہ میں 10 فیصد اور گریڈ 17 سے اوپر کے ملازمین کی تنخواہ میں 5 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے عید الاضحیٰ سے قبل
ایڈہاک اور کنٹریکٹ ملازمین کو بڑی خوشخبری سنا دی ہے۔سنھ میں اسکیل ایک سے گریڈ 16 تک ایڈہاک اور کنٹریکٹ ملازمین کی تنخواہ میں 10 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے۔ جبکہ گریڈ 17 سے اوپر کے ملازمین کی تنخواہوں میں 5 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ تنخواہوں میں اضافے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈہاک ریلیف الاؤنس کنٹریکٹ ملازمین کو بھی دیا جائے گا۔جبکہ تخواہوں میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔دوسری جانب ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹیٹیوشن پنشنرز کی پنشن میں ماہانہ 2 ہزار روپے اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ای او بی آئی پنشنرز کی ماہانہ پنشن 8 ہزار 500 روپے مقررکردی گئی ہے۔اعلامیے کے مطابق پینشن میں اضافے کا اطلاق یکم جنوری 2020 سے ہوگا۔اس سے قبل ای او بی آئی پنشنرز کی پنشن 6 ہزار 500 روپے مقرر تھی۔اسی طرح حکومت نے اعلان کیا تھا کہ ای اوبی آئی ملازمین کو واجبات کی مد میں 2.4 ارب روپے بھی ادا کیے جائیں گے۔ حکومت نے ای او بی آئی پنشنرز کی پینشن میں 2 ہزار روپے اضافے کی منظوری دی تھی جبکہ رجسٹرڈ پنشنرز کو اب ساڑھے 8 ہزار روپے پنشن ملے گی۔ ای او بی آئی کے رجسٹرڈ پنشنرز کو 3 ماہ اپریل، مئی اور جون کے بقایا جات کی مد میں دیے جائیں گے۔یہ تمام بقایاجات اگلے ماہ اگست میں ادا کر دیے جائیں گے۔ مزید برآں حکومت نے سرکاری ملازمین کو ایڈوانس تنخواہ جاری کرنیکی منظوری دے دی۔ سرکاری ملازمین کو تنخواہیں اورپنشن 27 جولائی کو ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے اور اس سلسلے میں ایڈوانس تنخواہ اور پنشن کی ادائیگی کی منظوری دے دی گئی ہے۔وزارت خزانہ کے مطابق اگرعید الاضحی 31جولائی کو ہوئی تو تنخواہ اورپنشن ایڈوانس جاری کی جائے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں