عمران خان کا متبادل کون ہے، اگلا وزیراعظم کس کو بنایا جائے؟ ن لیگی رہنما نے مطالبہ کر دیا

اسلام آباد(پی این آئی) لیگی رہنما ملک احمد خان نے عمران خان کے متبادل وزیراعظم کا نام تجویز کر دیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل پر بات کرتے ہوئے لیگی رہنما کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگر ولید اقبال کو وزیراعظم پاکستان بنا دیا جائے تو قابل قبول ہے۔ پروگرام میں اینکر کے سوال کا جواب دیتے ہوئے لیگی رہنما کا کہنا تھا

کہ ہمیں پاکستان تحریک انصاف کے منشور پر اعتراض ہے اور جس طرح عمران خان کام کر رہے ہیں، ہمیں وہ قبول نہیں ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر آنے والا اگلا شخص بھی عمران خان کی طرح ہی کام کرے گا تو ہم اس پر بھی اعتراض کریں گے۔ تا ہم انہوں نے بار بار سوال کئے جانے پر کہہ دیا ہے کہ اگر رہنما پاکستان تحریک انصاف ولید اقبال کو وزیراعظم پاکستان بنا دیا جائے تو قابل قبول ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل خواجہ آصف بھی اس بات کا عندیہ دے چکے ہیں کہ اگر پاکستان تحریک انصاف ہم سے بات کرنا چاہتی ہے تو انہیں پہلے اپنا وزیراعظم تبدیل کرنا ہو گا۔بات کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان تحریک انصاف کی قیادت عمران خان کو ہٹا دیتی ہے اور کسی اور کو وزیراعظم بنا دیا جائے تو ہم بات کر سکتے ہیں۔ بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی اور وزیراعظم بن جائے تو بات ہو سکتی ہے، عمران خان سے بات نہیں ہو سکتی کیونکہ اس کی ساکھ کمزور ہے اور وہ جھوٹ بولتا ہے۔ لیگی رہنما کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عمران خان جب اپوزیشن میں تھے، انہوں نے تب بھی جھوٹ بولا تھا اور اب حکومت میں آ کر بھی صرف جھوٹ بول رہے ہیں، اگر پاکستان تحریک انصاف ہم سے بات کرنا چاہتی ہے تو وہ تب تک ممکن نہیں جب تک عمران خان وزیراعظم ہے۔تا ہم خواجہ آصف کی جانب سے کسی کا نام نہیں لیا گیا تھا، لیکن اب لیگی رہنما ملک احمد خان نے ولید اقبال کا نام تجویز کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انہیں وزیراعظم بنا دیا جائے تو وہ قابل قبول ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں