کورونا وائرس ،ملک بھر میں ایک اور خطرناک بیماری سر اٹھانے لگی ،متعدد کیسز سامنے آگئے

پشاور(پی این آئی)کورونا وائرس کے باعث انسداد پولیو مہم بند ہونے سے ملک میں پولیو کے کیس بڑھنے لگے۔انسداد پولیو مہم بند ہونے کے بعد سے پولیو کے کیسز مسلسل سامنے آرہے ہیں، 26 فروری کو کورونا کے پہلے کیس کے بعد سے اب تک پولیو کے 33 کیس سامنے آچکے ہیں۔رپورٹ کے مطابق پولیو وائرس

سے سب سے زیادہ خیبرپختونخوا متاثر ہےجہاں پولیو وائرس کا لوڈ سب سے زیادہ 39 فیصد ہے جب کہ سندھ 33 فیصد کے ساتھ پولیو وائرس کے پھیلاؤ کے خطرے کا شکار ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بلوچستان میں پولیو وائرس کا لوڈ 24 فیصد اور پنجاب میں صرف 4 فیصد ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق کراچی سمیت سندھ میں پانی کے نمونوں میں پولیو وائرس پھیل رہا ہے اور کورونا نے دیگر بیماروں کے پھیلنے کے خدشات بڑھا دیے ہیں۔ محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ جنوری سے اب تک صوبہ سندھ میں پولیو کے 17 کیس سامنے آچکے ہیں اور ڈھائی ماہ میں سندھ میں ایک بھی پولیو مہم نہیں چل سکی ہے۔حکام کے مطابق کراچی سمیت صوبے میں آخری پولیو مہم مارچ میں ہوئی تھی جس کے بعد اب کورونا کی موجودگی میں پولیو مہم کے لیے نئی حکمت عملی پر غور کررہے ہیں اورکوشش ہوگی پولیو مہم کے دوران عملے کو مکمل کورونا حفاظتی لباس فراہم کریں۔محکمہ صحت حکام کا کہنا ہے کہ امید ہے جولائی میں انسداد پولیو مہم شروع کی جاسکے گی۔دوسری جانب کورونا کے باعث سندھ میں حفاظتی ٹیکوں کا پروگرام بھی ڈھائی ماہ سے بند ہے جب کہ سندھ میں حفاظتی ٹیکوں کی شرح پہلے ہی کم ہے۔خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے باعث انسداد پولیو کی کوئی مہم نہیں چل سکی ہے اور اس عرصے کے دوران ملک کے مختلف اضلاع میں پولیو کسز سامنے آئے ہیں۔ مہلک کورونا وائرس سے اب تک 2783 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 46 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close