پاکستان میں 2327 ڈاکٹروں سمیت 3858 ہیلتھ ورکرز کورونا سے متاثر ہو گئے، 36 نے زندگی کی بازی ہار دی

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان میں 2327 ڈاکٹروں سمیت 3858 ہیلتھ ورکرز کورونا سے متاثر ہو گئے، 36 نے زندگی کی بازی ہار دی۔ ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ ہیلتھ ورکرز کی تعداد 3858 تک جاپہنچی ہے جن میں سے 36 اس وائرس کے ہاتھوں زندگی کی بازی ہار بیٹھے ہیں۔ملک بھر میں کورونا وائرس سے

متاثرہ ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی تعداد میں تیزی سے اضافہ جاری ہے۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ ہیلتھ ورکرز کی تفصیلات جاری کی ہے، جس کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ ہیلتھ ورکرز کی تعداد 3 ہزار 858 تک جاپہنچی ہے۔ ان میں 2 ہزار 327 ڈاکٹرز، 476 نرسز اور دیگر عملے کے ایک ہزار 55 افراد شامل ہیں۔ متاثرہ ہیلتھ ورکرز میں سے 3 ہزار 110 دیگر مقامات پر ڈیوٹی پر مامور تھے، ان میں سے 748 افراد انتہائی نگہداشت سینٹرز میں فرائض سر انجام دے رہے تھے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ 1456 ہیلتھ کئیر ورکرز صحت یاب ہوچکے ہیں جب کہ 2 ہزار 100 ہیلتھ ورکرز اس وقت گھروں اور دیگر مقامات پر قرنطینہ کئے گئے ہیں، 266 ہیلتھ ورکرز مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، جن میں 263 ہیلتھ ورکرز کی حالت بہتر ہے جبکہ اسپتالوں میں داخل 3 ہیلتھ کئیر ورکرز تشویشناک حالت ہونے کے باعث وینٹی لیٹرز پر ہیں۔نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق کورونا وائرس سے اب تک 36 ہیلتھ ورکرز زندگی کی بازی ہار بیٹھے ہیں، جن میں سندھ کے 14، خیبر پختونخوا کے 7 ، پنجاب کے 6 ، بلوچستان کے 5 جب کہ گلگت بلتستان اور اسلام آباد کے 2،2 ہیلتھ ورکر شامل ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close