مقبوضہ کشمیر میں مزید 9 کشمیریوں کا ماورائے عدالت قتل، پاکستان کی طرف سے سخت مذمت

اسلام آباد(پی این آئی)مقبوضہ کشمیر میں مزید 9 کشمیریوں کا ماورائے عدالت قتل، پاکستان کی طرف سے سخت مذمت،پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی ریاستی دہشت گردی کی کارروائیوں میں کشمیری نوجوانوں کے مسلسل ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت ہے۔دفتر خارجہ نے آج جاری کئے گئے

ایک پریس ریلیز میں کہا کہ مقبوضہ علاقے میں کئی مکانات بھی تباہ کئے گئے اور بھارتی مظالم کے خلاف مظاہرہ کرنے والے بے گناہ مردوں، خواتین اور بچوں کے خلاف پیلٹ گن اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا گیا۔پوری آبادی کو اس طرح اجتماعی طور پر نشانہ بنایا جانا انسانیت کے خلاف جرائم کے مترادف ہے۔بیان میں کہا گیا کہ یہ انتہائی قابل مذمت ہے کہ جب پوری دنیا کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کی کوشش کر رہی ہے۔ بھارت کشمیریوں پر اپنے مظالم میں اضافہ کر رہا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ یہ دنیا کی ذمہ داری ہے کہ وہ فوری طور پر کارروائی کرے اور وہ کشمیریوں کو بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں قتل اور دیگر مظالم سے بچائے۔ پاکستان کشمیریوں پر اس کے مظالم کیلئے بھارت کا محاسبہ کرنے کا مطالبہ جاری رکھے گا۔بھارتی فوجیوں نے ضلع شوپیاں میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران فرضی جھڑپوں اور محاصرے اور تلاشی کی نام نہاد کارروائیوں کے دوران مزید نو کشمیری نوجوان شہید کر دیئے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close