نجی اسپتال میں مریض کی ٹانگ کا آپریشن کر کے راڈ نکالتے ہوئے دو جعلی سرجن گرفتار کر لیے گئے

چشتیاں (پی این آئی) نجی اسپتال میں مریض کی ٹانگ کا آپریشن کر کے راڈ نکالتے ہوئے دو جعلی سرجن گرفتار کر لیے گئے،بہاول نگر کی تحصیل چشتیاں میں دو جعلی آرتھوپیڈک سرجن نجی اسپتال میں مریض کی ٹانگ کا آپریشن کرتے ہوئے گرفتار ہو گئے۔تھانا سٹی اے ڈویژن چشتیاں پولیس کے مطابق انہیں 15 کے

ذریعے اطلاع ملی کہ بہاول نگر روڈ پر واقع ایک نجی آرتھوپیڈک اسپتال میں دو جعلی سرجن کئی گھنٹوں سے افضال نامی مریض کی ٹانگ سے راڈ نکالنے کے لیے آپریشن کر رہے ہیں۔اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری طور اسپتال جا کر دونوں جعلی سرجنز وسیم اور وقاص کو حراست میں لے لیا اور مریض کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کر دیا ہے۔مقامی نجی اسپتال کے ڈاکٹر نے جیو نیوز کو بتایا کہ میں نے ملزمان کے خلاف پولیس کو درخواست دی ہے کہ یہ میرے اسپتال میں آپریشن اسسٹنٹ اور اٹنیڈنٹ ہیں اور میرے آرتھوپیڈک اسپتال میں آپریشن کے لیے مریضوں کو کم پیسوں میں آپریشن کرنے کا لالچ دے کر ایک اور نجی اسپتال میں لے جا کر خود سرجن بن کر آپریشن کرتے ہیں اور انھوں نے کئی مریضوں کو غلط آپریشن کر کے معذور بنا دیا ہے۔متاثرہ مریض افضال کا کہنا ہے کہ حکومت ایسے جعلی سرجنوں اور اسپتالوں کے خلاف کارروائی کرے اور مجھے بھی انصاف فراہم کیا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں