طیارہ حادثہ، فرانسیسی انکوائری ٹیم کراچی پہنچ گئی، رن وے اور ماڈل کالونی کے مقامات کا جائزہ لے گی

کراچی(پی این آئی)طیارہ حادثہ، فرانسیسی انکوائری ٹیم کراچی پہنچ گئی، رن وے اور ماڈل کالونی کے مقامات کا جائزہ لے گی،پی آئی اے طیارہ حادثہ کی تحقیقات کیلئے گیارہ رکنی فرانسیسی ماہرین کی ٹیم کراچی پہنچ گئی، ٹیم کو رن وے اور ماڈل کالونی کا دورہ کرایا جائے گا، ماہرین پاکستان کی تحقیقاتی ٹیم تکنیکی معاونت

فراہم کریں‌ گے اور طیارے کا بلیک باکس فرانس لے جائیں گے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق فرانسیسی ماہرین 22 مئی کو کراچی میں پرواز پی کے 8303 کی تباہی کی وجوہات جاننے کی کوشش کریں گے۔ انہیں کراچی ائیرپورٹ کا دورہ کروایا جائے گا جہاں وہ رن وے 25 ایل کا معائنہ کریں گے۔ٹیم کے ارکان کو جائے حادثہ پر بھی لے جایا جائے گا جہاں حادثہ سے تباہ شدہ ایئر بس کی باقیات کی منتقلی پہلے سے ہی روکی جا چکی ہے۔ ٹیم مزید تحقیقات کیلئے بلیک باکس اور دیگر ضروری آلات اپنے ساتھ فرانس لے جائے گی۔یاد رہے کہ 22 مئی کو قومی ائیر لائن کی لاہور سے کراچی جانے والی پرواز ائیرپورٹ سے ملحقہ آبادی پر گر کر تباہی کا شکار ہو گئی تھی جس کے نتیجے میں عملے کے 8 ارکان سمیت 97 افراد جاں بحق ہو گئے تھے جبکہ 2 مسافر زندہ بچ گئے تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں