اپنے سمارٹ فون پر چھینک مار کر یا کھانس کر کورونا کا ٹیسٹ کریں، حیران کن ٹیکنالوجی متعارف کروانے کا فیصلہ

نیویارک(پی این آئی) کورونا وائرس پھیلنے کے بعد سے سائنسدان ایسی ٹیسٹنگ کٹ تیار کرنے کے لیے جتن کر رہے ہیں جس سے ایک طرف تیزی کے ساتھ ٹیسٹ ہو سکیں اور دوسرے اس کے نتائج حتمی ہوں۔ آئی ٹی ماہرین بھی اس حوالے سے اپنی کاوشیں کر رہے ہیں اور اب امریکہ کی یونیورسٹی آف اوٹاہ کے ماہرین نے

اس حوالے سے ایک ایسی اختراعی ڈیوائس تیار کرنے اعلان کر دیا ہے کہ جس کے ذریعے آپ گھر بیٹھے چند سیکنڈز میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ کر سکیں گے اور وہ بھی صرف اپنے سمارٹ فون کو بروئے کار لاتے ہوئے۔ڈیلی سٹار کے مطابق یونیورسٹی آف اوٹاہ کے ماہرین نے یہ ڈیوائس دراصل 2016ءمیں تیار کی تھی جس کا مقصد اس وقت دنیا میں پھیلنے والی ’ذکا‘ نامی بیماری کا ٹیسٹ کرنا تھا۔ اب اس سافٹ ویئر کے پراجیکٹ لیڈر پروفیسر مسعود طبیب آذر کا کہنا ہے کہ وہ اس کے سافٹ ویئر میں کچھ ایسی تبدیلیاں لا رہے ہیں کہ اس سے کورونا وائرس کا ٹیسٹ کیا جا سکے۔ یہ سافٹ ویئر ایسا ہے کہ آپ اپنے فون کی سکرین پر چھینک ماریں یا کھانسیں گے تو اس میں لگا سنسر سکرین پر لگنے والے وائرسز اور بیکٹیریا کا تجزیہ کرکے آپ کو بتا دے گا کہ آپ میں کورونا وائرس موجود ہے یا نہیں۔مسعود طبیب کا کہنا تھا کہ یہ ڈیوائس صرف 60سیکنڈ میں کورونا ٹیسٹ کے نتائج دے گی۔ انہوں نے اس کی تیاری کے متعلق بتایا کہ آئندہ تین مہینوں کے اندر یہ ایپلی کیشن تیار ہو جائے گی اور لوگوں کو دستیاب ہو گی۔ اس کی قیمت ممکنہ طور پر 45پاؤنڈ (تقریباً 8ہزار 700روپے)ہو گی۔یہ ڈیوائس ایک سکے کے سائز کی ہو گی جسے بلیو ٹوتھ کے ذریعے سمارٹ فون سے منسلک کیا جائے گا اور فون کی سکرین پر کھانس کر، چھینک کریا تیز سانس مار کر کورونا وائرس کا ٹیسٹ کیا جا سکے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں