اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان نے آٹا چینی سکینڈل کی طرح آئی پی پی پیز کرپشن سکینڈل کی انکوائری رپورٹ بھی پبلک کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم گزشتہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں یہ فیصلہ واپس لے لیا گیاہے اور فی الحال معاملے کو دو ماہ کیلئے موخر کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے تاہم اب اس کے پیچھے چل
رہے معاملات کے بارے میں سینئر صحافی روف کلاسر ا نے بہت بڑا دعویٰ کر دیاہے ۔تفصیلات کے مطابق ٹویٹر پر جاری پیغام میں روف کلاسرا نے دعویٰ کیا کہ ”ایک دوست ملک نے پاکستان کو پیغام پہنچایا ہے کہ جلد از جلد آئی پی پی سکینڈل رپورٹ کو دبا دیاجائے ، وفاقی وزیر اسد عمر اور وزیر برائے توانائی عمر ایوب نے وزیراعظم عمران خان کو دوست ملک کے سنجیدہ تحفظات سے آگاہ کیا ہے جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے اسے دبانےکا فیصلہ کر لیاہے تو اب حکومت پاکستان اسے عوامی نہیں کرے گی، حکومت پاکستان نے ایک ہی پیغام کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے ۔“ان کا مزید کہناتھا کہ ”پاکستان کو بتایا گیاہے کہ حکومت پاکستان کو اگر آئی پی پی پیز کی لوٹ مارسے متعلق مسائل ہیں تو یہ بہتر ہے کہ اس معاملے کو میڈیا اور عوام کے سامنے لانے کی بجائے اسے ریاست سے ریاست کی سطح پر دیکھا جائے ، جس پر حکومت نے پاکستان نے رضا مندی ظاہرکر دی ہے ،شیخ رشید نے بھی یہ شکایت کی تھی کہ یہاں تک کہ کابینہ ممبران کو بھی آئی پی پی پیز سکیم رپورٹ فراہم نہیں کی گئی ۔“سینئر صحافی نے اپنے تیسرے پیغام میں بتایا کہ ”دوست ملک ا س کے بدلے میں ماضی میں دستخط کیے گئے توانائی کے معاہدے میں تبدیلی لانے کیلئے آئی پی پی پیز اور حکومت پاکستان کو مذاکرات شروع کرنے میں مدد فراہم کرے گا ، قیمتوں میں کمی مذاکرات کی ایک بڑی شق ہو سکتی ہے ، بڑے پیمانے پر کرپشن پر مبنی آئی پی پی پیز سکینڈل رپورٹ کو ختم کرنے کے بدلے میں یہ ڈیل تجویز کی گئی ہے ۔“
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں