اسلام آباد(پی این آئی )وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ وزارت اطلاعات اور میڈیا میں بہتری لانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں، تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے بھرپور کوششیں کروں گا۔اسلام آباد میںصحافیوں کے وفد سے گفتگو میں کہا کہ سی پیک حقیقت ہے اور
منصوبے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔انہوں نے زور دیا کہ خنجراب سے گوادر تک کے دونوں روٹس کی تیز رفتار تکمیل کے لیے منصوبہ بندی کر لی ہے اور آنے والے چند ماہ میں باقی رہ جانے والی سڑکوں کی تعمیر کے بڑے منصوبے شامل ہیں۔معاون خصوصی نے کہا کہ سی پیک قومی منصوبہ ہے اور دوسرا مرحلہ نہایت اہم اور جلد شروع ہو گا۔عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ منصوبے کے دوسرے مرحلے میں زرعی، صنعتی، تجارتی، سائنس و ٹیکنالوجی شعبوں پر توجہ مرکوز ہے اور چاروں صوبوں میں اقتصادی زونز فعال کرنا ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ گوادر کی ترقی کے منصوبے بھی دوسرے مرحلے میں شامل ہیں اور پاک، چین مشترکہ تعاون کمیٹی کا اجلاس جلد منعقد ہو گا۔معاون خصوصی عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ سی پیک کے تحت تمام خصوصی اقتصادی زونز پر کام تیزی سے جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ چین، پاکستان میں ’پیسٹ کوکنٹرول سینٹر‘ قائم کرے گا جس کے تحت فصلوں کو بیماریوں سے مقابلے کے قابل بنانے کے لیے بیجوں کا معیار بہتر بنایا جائے گا۔معاون خصوصی نے بتایا کہ 20 ہزار پاکستانی طلبہ اسکالرشپ پر چین جائیں گے اور اس ضمن میں بہت جلد اعلان ہو گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں