کراچی(پی این آئی):کورونا کراچی میں روکا نہ جا سکا، 24گھنٹے میں 446نئے کیس سامنے آگئے، وزیر اعلیٰ کی میڈیا سے گفتگو ، صوبہ سندھ میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے سب سے زیادہ 446 کیسز کراچی سے رپورٹ ہوئے۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں کورونا کی تازہ ترین صورتحال سے
آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 3384 نئے ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد اب تک کیے گئے ٹیسٹوں کی تعداد 57761 ہوگئی ہے۔وزیراعلی سندھ نے بتایا کہ 24 گھنٹوں میں صوبے بھر سے 622 کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں جس کے بعد کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 6675 ہوگئی ہے جب کہ مزید 6 مریض کورونا کے خلاف جنگ لڑتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد صوبے میں اموات کی کل تعداد 118 تک پہنچ گئی ہے جو کل مریضوں کا 1.76 فیصد ہے۔مراد علی شاہ کے مطابق مزید 73 افراد شفایاب ہوکر گھر لوٹ گئے ہیں جس کے بعد صحتیاب افراد کی تعداد 1295 ہوگئی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ 24 گھنٹوں میں صوبے بھر کے تمام شہروں کی نسبت کراچی سے سب سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں جہاں ایک ہی دن میں446 کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں۔بیرون ملک سے آنے والی پروازوں سے متعلق انہوں نے بتایا کہ 28 تا 29 اپریل کو 3 فلائٹس دبئی، شارجہ اور کولمبو سے 483 تارکین وطن کو واپس لائیں سب کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا جس میں سے 190 مسافروں کے نتائج مثبت آئے جو تقریباً 40 فیصد بنتا ہے۔وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا کہ 190 مثبت کیسز میں 92 کا تعلق سندھ، 56 پنجاب، 24 کے پی کے اور 18 بلوچستان سے ہے۔مراد علی شاہ نے ایک بار پھر عوام سے احتیاط کی درخواست کی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں