اسلام آباد (پی این آئی) پٹرول سستا، لیکن ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 20 روپے سے زائد کا اضافہ کر دیا گیا، اوگرا نے ملک بھر میں گیس کی فی کلو قیت 90 روپے سے بڑھا کر 112 روپے کر دی، اطلاق یکم مئی سے ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق اوگرا نے مئی 2020 کیلئے ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفیکیشن
جاری کردیا۔ ایل پی جی کی قیمت میں 22 روپے فی کلو، گھریلو سلنڈر 256روپے اور کمرشل سلنڈرکی قیمت میں 983 روپے اضافہ کر دیا گیا۔ملک بھر میں ایل پی جی 90 روپے فی کلوکی جگہ 112روپے فی کلو اور گھریلو سلنڈر1067روپے کی جگہ 1323 روپے اور کمرشل سلنڈر4107روپے کی جگہ 5090 روپے میں فروخت ہو گا۔ بتایا گیا ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں سعودی ارامکو کنٹریٹ ایل پی جی کی قیمت 237 ڈالر فی ٹن سے بڑھ کر 340 ڈالر فی ٹن پر آگئی۔اسی باعث پاکستان میں قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب وفاقی حکومت نے یکم مئی سے تمام پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کل سے 30 روپے فی لیٹر تک کمی ہو جائے گی۔ پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 15 روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 27روپے15 پیسے، لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 15 روپے اور مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت میں 30 روپے کمی کر دی گئی ہے۔ پٹرول کی نئی قیمت 81روپے58 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 27روپے15پیسے کمی کے بعد80روپے10پیسے، مٹی کا تیل 30 روپے کمی کے بعد 47 روپے فی لیٹر ہوگیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں